فردوس عاشق اعوان نے الیکشن ہارنے کا الزام آراوز پر عائد کردیا

آراو ن لیگ کو الیکشن جتوانے میں بالآخر کامیاب ہوئے، پی ٹی آئی کا مقابلہ جرائم پیشہ گروپس کے علاوہ آراو ڈسکہ کیساتھ بھی تھا،پنجاب حکومت نے الیکشن میں مداخلت نہ کرکے اعلی مثال قائم کی۔ معاون خصوصی اطلاعات فردوس عاشق اعوان

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ اتوار 11 اپریل 2021 11:48

فردوس عاشق اعوان نے الیکشن ہارنے کا الزام  آراوز پر عائد کردیا
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 11 اپریل2021ء) معاون خصوصی اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے آراوز پر الیکشن ہارنے کا الزام عائد کردیا ہے، انہوں نے کہا کہ آراو ن لیگ کو الیکشن جتوانے میں بالآخر کامیاب ہوئے، پی ٹی آئی کا مقابلہ جرائم پیشہ گروپس کے علاوہ آراو ڈسکہ کیساتھ بھی تھا،پنجاب حکومت نے الیکشن میں مداخلت نہ کرکے اعلی مثال قائم کی۔

انہوں نے ڈسکہ الیکشن میں شکست پر اپنے ردعمل میں کہا کہ تحریک انصاف کا مقابلہ جرائم پیشہ گروپس کے علاوہ آراو ڈسکہ کیساتھ بھی تھا۔ حکومتی پریشر سے پاک انتخابات کی اس سے پہلے کوئی مثال نہیں ملتی۔ تمام تر انتظامی اختیارات کے باوجود پنجاب حکومت نے الیکشن میں کسی قسم کی مداخلت نہ کرکے اداروں کو آزاد اور خودمختار بنانے کی اعلی مثال قائم کی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ن لیگ کی وفاداریوں کے بندھن میں بندھے آر او ڈسکہ منشیات فروشوں، قبضہ مافیا کی بھرپور معاونت کرتے ہوئے ن لیگ کو الیکشن جتوانے میں بالآخر کامیاب ہوئے۔ اسجد ملہی اور تحریک انصاف کے ورکرز کو ن لیگی گاڈ فادرز کا ڈٹ کر مقابلہ کرنے پر مبارکباد پیش کرتی ہوں۔ دوسری جانب وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چودھری نے ٹویٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ نواز شریف کا کوئی نظریہ نہیں ہے نہ ہی نون لیگ کوئ نظریاتی جماعت ہے ایک طویل عرصہ اقتدار میں رہنے کی وجہ سے مفاداتی ٹولہ بن جاتا ہے ان حواریوں کو نظریاتی نہیں کہا جا سکتا، ڈسکہ میں نون لیگ نہیں جیتی پی ٹی آئی ہاری ہے اور اس کی وجوہات ہیں جن کی طرف میں پارٹی کے اندرتوجہ دلاتا ہی رہا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں جمہوریت کی امید عمران خان ہیں، ان کے مقابلے میں کوئی سیاسی قد کاٹھ کا لیڈر نہیں ہے، بلاول اور مریم کو پاکستان کا لیڈر تسلیم کرنا جمہوریت کے منہ پر تھپڑ رسید کرنا ہوگا، پی ٹی آئی کو اپنی صفیں درست کرنا ہوں گی اس ملک کا مستقبل تحریک انصاف اورعمران خان کی کامیابی سے وابستہ ہے۔ واضح رہے مسلم لیگ ن نے این اے 75 ڈسکہ ضمنی الیکشن جیت لیا ہے۔

360 پولنگ اسٹیشنز کے غیر سرکاری غیر حتمی نتائج سامنے آگئے ہیں۔ جس کے مطابق ن لیگ کی امیدوار نوشین افتخار نے 1 لاکھ 11 ہزار 220 ووٹ حاصل کیے، جبکہ تحریک انصاف کے علی اسجد ملہی 92 ہزار ووٹ حاصل کر سکے۔ یوں ن لیگ نے 19 ہزار ووٹوں کی برتری سے حکمراں جماعت تحریک انصاف کو شکست دے دی۔ضمنی انتخاب کے معرکے میں پاکستان تحریک انصاف کے علی اسجد ملہی اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نوشین افتخار کے درمیان مقابلے میں عوام نے ووٹ کاسٹ کیے۔ قومی اسمبلی کے حلقہ 75 ڈسکہ کے ضمنی انتخاب میں تحریک انصاف کے امیدوار علی اسجد ملہی نے اپنا ووٹ کاسٹ ہی نہیں کیا، اسجد ملہی 2 بار اپنے آبائی حلقے میں آئے لیکن ووٹ کاسٹ نہیں کیا۔