پاکستان میں ہیلتھ کارڈ کی صورت میں انقلاب آرہا ہے، جمہوریت میرٹ کے نظام پر قائم ہے،عمران خان

کسی کو امن و امان خراب کرنے کی اجازت نہیں دیں گے، ریاست کی رٹ ہر صورت میں قائم کریں گے، وزیراعظم

جمعرات 15 اپریل 2021 23:05

پاکستان میں ہیلتھ کارڈ کی صورت میں انقلاب آرہا ہے، جمہوریت میرٹ کے ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اپریل2021ء) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان میں ہیلتھ کارڈ کی صورت میں انقلاب آرہا ہے، جمہوریت میرٹ کے نظام پر قائم ہے،کسی کو امن و امان خراب کرنے کی اجازت نہیں دیں گے، ریاست کی رٹ ہر صورت میں قائم کریں گے۔جمعرات کو اسلام آباد میں پاکستان میڈیکل کمیشن آن لائن نظام کے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پی ایم سی آن لائن نظام قائم کرنے پر ٹیم کو مبارکباد دیتا ہوں، پی ایم سی آن لائن نظام کا انعقاد بہت بڑی کامیابی ہے،جدیم نظام سے میڈیکل یونیورسٹی اور کالجز کا نظام بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔

وزیر اعظم نے کہا کہ حکومت نے صحت عامہ سے متعلق ہیلتھ کارڈ کا اجرا کیا ہے اور پاکستان میں اس سے انقلاب آرہا ہے۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں تمام شہریوں کو ہیلتھ کارڈ کی سہولت دے دی گئی ہے، پنجاب میں اس سال کے اختتام تک تمام شہریوں کو ہیلتھ کارڈکی سہولت دے دی جائیگی۔وزیراعظم نے کہا کہ جمہوریت میرٹ کے نظام پر قائم ہے۔ بعد ازاں وزیراعظم کی زیر صدارت ایک اجلاس منعقد ہوا ۔

اجلاس میں ملکی سکیورٹی اور مذہبی جماعت کے احتجاج کے بعد کی صورت حال پر غور کیا گیا۔وزیر داخلہ شیخ رشید نے امن و امان کی صورتحال سے اجلاس کو آگاہ کیا۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے پر سیکیورٹی اداروں کو سراہتے ہوئے کہا کہ پولیس، رینجرز سمیت تمام اداروں نے بہترین کام کیا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ کسی کو امن و امان خراب کرنے کی اجازت نہیں دیں گے، ریاست کی رٹ ہر صورت میں قائم کریں گے۔