حکومت کا تعلیمی ادارے کھولنے کے حوالے سے حکمت عملی بنانے کا فیصلہ

ہفتے میں 2 دن سکول کھولنے کی تجویز پرغور کریں گے۔این سی او سی کے سربراہ اسد عمر کا بیان

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان جمعہ 16 اپریل 2021 12:41

حکومت کا تعلیمی ادارے کھولنے کے حوالے سے حکمت عملی بنانے کا فیصلہ
اسلام آباد (اردو پوائنٹ ، تازہ ترین اخبار ، 16اپریل 2021) نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے سربراہ اسد عمر نے کہا ہے کہ ہفتے کو اجلاس میں دو دن سکول کھولنے کی تجویز پر غور کریں گے۔کورونا وائرس کی وبا کے باعث تعلیمی اداروں کی بندش کے معاملے پر نجی تعلیمی اداروں کے نمائندہ وفد نے جمعرات کو این سی او سی کے سربراہ اسد عمر سے ملاقات کی۔ذرائع کے مطابق ملاقات میں تعلیمی ادارے کھولنے، کورونا وائرس کی ایس او پیز پر عملدرآمد کا جائزہ لیا گیا۔

ملاقات میں نجی تعلیمی اداروں کو درپیش مسائل اور ان کے حل پر بھی گفتگو کی گئی۔اسد عمر نے کہا کہ امدادی ریلیف پیکج کی سمری تیار کرکے تعلیمی اداروں کے لیے سہولت کی جائے گی۔اسد عمر نے بند ہونے والے نجی تعلیمی اداروں کی بحالی کے لئے ہر ممکن کوشش کی یقین دہانی کروائی۔

(جاری ہے)

بین الصوبائی تعلیمی وزرا کے اجلاس میں ملک بھر کے تعلیمی ادارے دوبارہ کھولنے کے حوالے سے کیے گئے اہم فیصلوں کے بعد باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کیا گیا ہے۔

جاری نوٹیفیکیشن کے مطابق اگلے ہفتے سے محدود پیمانے پر تعلیمی ادارے کھول دیے جائیں گے۔ اسکول و کالجز کو 19 اپریل سے تعلیمی سلسلہ بحال کرنے کی اجازت ہوگی۔ 19 ‏اپریل سےنویں سے بارہویں تک کلاسز میں تدریسی عمل دوبارہ شروع کرنے کی اجازت ہوگی۔ جبکہ پانچویں اور آٹھویں جماعت کےامتحانات18مئی سے شروع ہوں گے۔ اس کے علاوہ ‏پہلی سےچوتھی جبکہ چھٹی اورساتویں جماعت کےامتحانات یکم جون سے ہوں گے۔

‏ نوٹیفکیشن کے مطابق پریپ سے آٹھویں تک کلاسز 28 اپریل تک بند رہیں گی۔ جن کلاسز میں تدریسی عمل دوبارہ شروع ہوگا، ان کلاسز کے بچے متبادل دنوں پر حاضر ہوں گے، ایس اوپیزکاخیال رکھا ‏جائے گا، اسکولوں اورکالجز کی ٹرانسپورٹ کھلی رہےگی۔ واضح رہے کہ ملک میں کرونا وائرس کی تیسری لہر میں شدت آنے کی وجہ سے گزشتہ ماہ تعلیمی ادارے بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔

متعلقہ عنوان :