مغرب میں جو ہوتا ہے اس سے تمام مسلمانوں کے جذبات مجروح ہوتے ہیں‘فرخ حبیب

وزیراعظم ناموس رسالت پر دنیا بھر میں مہم چلائیں گے اور اس معاملے پر عوام کو حکومت کا ساتھ دینا چاہئے

منگل 20 اپریل 2021 12:55

مغرب میں جو ہوتا ہے اس سے تمام مسلمانوں کے جذبات مجروح ہوتے ہیں‘فرخ ..
مکوآنہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اپریل2021ء) فیصل آباد سے تحریک انصاف کے رہنماء فرخ حبیب کا کہنا ہے کہ وزیراعظم ناموس رسالت پر دنیا بھر میں مہم چلائیں گے اور اس معاملے پر عوام کو حکومت کا ساتھ دینا چاہئے۔این این آئی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنماء فرخ حبیب کا کہنا تھا کہ مغرب میں جو ہوتا ہے اس سے تمام مسلمانوں کے جذبات مجروح ہوتے ہیں، وزیراعظم نے اس معاملے پر تمام عالمی فورمز پر آواز اٹھائی ہے۔

فرخ حبیب کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے معاملے پر تمام اسلامی رہنماؤں کو خطوط لکھے ہیں تاکہ تمام عالم اسلام کا ایک متفقہ مؤقف مغربی دنیا تک پہنچ سکے۔ ٹی ایل پی کے ساتھ حکومت کے معاہدے سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ اس معاہدے میں یہ قطعاً نہیں لکھا کہ ہم سفیر کو ملک سے نکال دیں گے، بلکہ طے یہ ہوا تھا کہ وہ معاملہ پارلیمنٹ کے سامنے رکھا جائے گا۔

(جاری ہے)

رہنماء تحریک انصاف کا مزید کہنا تھا کہ معاملے پر پارلیمنٹ میں بحث کرنے پر ہمیں کوئی اعتراض نہیں، ہم مسلسل ان کے ساتھ مذاکرات کررہے تھے لیکن ان کی شرائط ناقابل قبول تھیں۔ملک کی موجودہ حالات سے متعلق فرخ حبیب نے کہا کہ معاملات اس سے بھی زیادہ خراب ہوسکتے تھے لیکن بہرحال حالات پر قابو بھی پایا گیا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ٹی ایل پی کی بات درست ہے لیکن جلاؤ گھیراؤ سے ہمارا ہی نقصان ہوگا۔

مذاکرات سے متعلق پی ٹی آئی رہنماء کا کہنا تھا کہ ہم نے تحریک لبیک پاکستان والوں کو سمجھانے کی کوشش کی کہ شرائط منوانے کیلئے صحیح طریقہ اخیتار کیا جائے تاکہ دنیا بھر میں ہماری جگ ہنسائی نہ ہو۔فرخ حبیب نے کہا کہ سارے معاملے پر ہم علماء سے بھی رابطے میں تھے اور ہم قطعاً یہ نہیں چاہتے کہ معاملہ مزید سنگین ہوجائے۔رہنماء تحریک انصاف نے مزید کہا کہ بات چیت کے دروازے ہمیشہ کھلے رہتے ہیں اور ہم ان کے ساتھ اب بھی مذاکرات کررہے ہیں جس کے دو دور ہو چکے ہیں۔