حکومت نے پنجاب کے مزید اضلاع میں چھٹیوں کا اعلان کردیا

کورونا کیسز میں اضافے کے باعث بھکر، جھنگ، اوکاڑا اور خانیوال میں نجی و سرکاری سکولوں کو بند کردیا گیا ہے، اس سے قبل پنجاب کے 13 اضلاع میں تعلیمی اداروں کو بند کیا گیا تھا۔، وزیرتعلیم پنجاب مراد راس

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعہ 23 اپریل 2021 19:37

حکومت نے پنجاب کے مزید اضلاع میں چھٹیوں کا اعلان کردیا
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 23 اپریل2021ء) حکومت نے صوبے کے مزید اضلاع میں چھٹیوں کا اعلان کردیا، وزیرتعلیم پنجاب مراد راس نے کہا کہ کورونا کیسز میں اضافے کے باعث بھکر، جھنگ ، اوکاڑا اور خانیوال میں فی الفور نجی وسرکاری سکولوں کو بند کردیا گیا ہے، اس سے قبل پنجاب کے 13 اضلاع میں تعلیمی اداروں کو بند کیا گیا تھا۔ انہوں نے ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں اعلان کیا کہ پنجاب میں کورونا کیسز کی شرح میں اضافے کے باعث مزید اضلاع میں سکولوں کو بند کیا جارہا ہے۔

اضلاع میں بھکر، جھنگ ، اوکاڑااور خانیوال کے سکول شامل ہیں۔ 
 
یہ اضلاع 6 اپریل کو اعلان کردہ 13اضلاع کے علاوہ ہیں۔ جہاں کورونا کے باعث سکولوں کو بند کیا جارہا ہے۔ ان اضلاع سکولوں کو بند کرنے کے نوٹیفکیشن فی الفور نافذالعمل ہوگا، سکولوں کی بندش پرتاحکم ثانی عملدآمد ہوگا۔

(جاری ہے)

اس سے قبل حکومت نے 13اضلاع میں سکولوں کو بند کرنے کا اعلان کیا تھا، لاہور، راولپنڈی، فیصل آباد، شیخوپورہ گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ، ملتان ،ٹوبہ ٹیک سنگھ، سرگودھا، بہاولپور، رحیم یار خان، ڈیرہ غازی خان‏ تعلیمی ادارے بند رہیں گے۔

دوسری جانب حکومت نے 19اپریل بروز پیر سے نویں جماعت تا بارہویں جماعت تک کے طلباء کیلئے سکول وکالجز اوپن کردیے ہیں۔ سکولوں کو ہفتے میں دو روز پیر اور جمعرات کیلئے کھولا گیا ہے۔ تاہم سکولوں میں اسٹاف کو مجموعی طور پربلایا جارہا ہے، جس سے غیرمتعلقہ اساتذہ کے متاثر ہونے کا خطرہ اور کورونا پھیلنے کا خدشہ ہے۔ مزید برآں وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت قومی رابطہ کمیٹی برائے انسداد کورونا کا اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ میں اسد عمر نے بتایا کہ قومی رابطہ کمیٹی نے 5 فیصد سے زائد کورونا کیسز والے تمام اضلاع میں اسکول بند کرنے کا فیصلہ کرلیا ہیے، جن  شہروں میں کیسز کی شرح زیادہ ہوگی وہاں 9 ویں سے12 ویں جماعت کی کلاسز عید تک بند کردی جائیں گی، لاک ڈاؤن اور سکولوں کی بندش کا صوبوں کے ساتھ مل کر پلان بنائیں گے۔