آسٹریلیا کا بحرالکاہل کے خطے می جنگ کے بڑھتے ہوئے خطرات کے پیش نظر فوجی اڈوں کو اپ گریڈ کرنے کا اعلان

بدھ 28 اپریل 2021 14:36

کینبرا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 اپریل2021ء) آسٹریلیا  نے   بحرالکاہل کے خطے میں کشیدگی اور    جنگ کے  بڑھتے ہوئے خطرات سے متعلق انتباہ کے بعد     ملک کے شمال میں فوجی اڈوں کو اپ گریڈ کرنے  اور امریکی افواج کے ساتھ مشترکہ مشقوں میں توسیع کرنے   کے منصوبے کا  اعلان  کر دیا ہے ۔

(جاری ہے)

فرانسیسی خبر رساں ادارے کے مطابق یہ اعلان  آسٹریلوی وزیراعظم سکاٹ موریسن نے بدھ کوکیا جس  میں آئندہ 5 سال کے دوران  دور دراز شمالی  حصے میں نصف ارب سے زائد     امریکی ڈالر کی لاگت سے   4  تربیتی فوجی اڈوں کی تجدید کی جائے گی۔

  اس منصوبے کے تحت شمالی بندرگاہ ڈارون  میں امریکی بحریہ سمیت    امریکی افواج کے ساتھ مزید  مشترکہ فوجی مشقیں کی جائیں گی ۔  وزیراعظم  سکاٹ موریسن نے کہا کہ  ہم آسٹریلیا کے دفاع اور مفادات کے تحفظ    کو یقینی بنانے کے لیے  بھرپور کوششیں کریں گے۔  آسٹریلوی حکومت  کے ایک اعلی عہدیدار نے   خطے میں جنگ کے بڑھتے ہوئے خطرات  سے متعلق رواں ہفتے خبردار کیا ہے  اور نئے وزیر دفاع پیٹر ڈیوٹن نے   چین اور تائیوان کے درمیان جنگ کےخطرہ کا کھلے عام تذکرہ کیا ہے۔