میمو گیٹ اسکینڈل میں قاضی فائز عیسیٰ سے پیپلز پارٹی ناراض ہوئی،کوئٹہ بم دھماکہ انکوائری میں ن لیگ ناراض ہوئی اور فیض آباد دھرنا کیس میں ان سے پی ٹی آئی ناراض ہو گئی تھی

بشیر میمن صاحب جانتے ہیں کہ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے خلاف کارروائی کرنے کے لیے ان پر کس کی طرف سے دباؤ تھا،حامد میر

Sajjad Qadir سجاد قادر جمعہ 30 اپریل 2021 07:16

میمو گیٹ اسکینڈل میں قاضی فائز عیسیٰ سے پیپلز پارٹی ناراض ہوئی،کوئٹہ ..
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 30 اپریل2021ء) سینئر صحافی و اینکر پرسن حامد میر نے ویب نیوز چینل کے ایک پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں نے فروری2019میں ایک کالم لکھا تھا جس میں یہ وضاحت کی تھی کہ قاضی فائز عیسیٰ کے خلاف کارروائی ہونے جا رہی ہے اور ساتھ ہی یہ بھی متنبہ کیا تھا کہ یہ حکومت ایسامت کرے کیونکہ ایسا کرنا حکومت کے لیے بھاری ہو جائے گا۔

جب وزیراعظم صاحب کے پتا چلا کہ حامد میر نے ایسا کوئی کالم لکھا ہے تو انہوں نے مجھ سے ملاقات کی اور وضاحت دی کہ میں جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے خلاف کارروائی کرنے کا ارادہ نہیں رکھتا نہ تو میرے پاس اتنا وقت ہے اور نہ ہی مجھے ان کاموں میں الجھنے کی دلچسپی ہے میرے پاس اور کوئی ایشوز اور معاملے ہیں جن میں سب سے بڑا ایشو معیشت کا ہے لہٰذا میں ا ن نان ایشوز میں الجھنا نہیں چاہتا۔

(جاری ہے)

میں نے وزیراعظم صاحب سے کہا تھا کہ یہ تو اچھی بات ہے کہ آپ اپنی ساری توجہ ملکی معیشت کی طرف کیے ہوئے ہیں مگر یہ بھی یاد رکھیے گا کہ میمو گیٹ اسکینڈل میں تحقیق کرنے پر قاضی فائز عیسیٰ سے پیپلز پارٹی ناراض ہوئی،کوئٹہ بم دھماکہ انکوائری میں ن لیگ ناراض ہوئی اور اگر اب پی ٹی آئی حکومت ان کے خلاف کیس کرے گی تو اس کے نتائج اچھے نہیں نکلیں گے۔

اس پرعمران خان نے مجھے ذاتی طور پر بتا یا کہ انکا جسٹس قاضی فائز عیسی کے خلاف کاروائی کا ارادہ نہیں، یہ دباؤ کہیں اور سے تھا۔ جبکہ اس ملاقات کے چند دنوں بعد صدر ہاؤس سے جسٹس صاحب کے خلاف ایک ریفرنس آ گیااور اس پر کارروائی شروع ہو گئی اور اس کے بعد جو کچھ ہوا وہ ایک تاریخ ہے اور اس سے سب آگاہ بھی ہیں۔لہٰذا میمن صاحب کو پتہ ہے کہ کارروائی کا دباؤ کہیں اور سے تھا میں یہ نہیں کہتاکہ وزیراعظم ہاؤس سے ان پر کوئی پریشر نہیں ہو گا یا ناہی کسی نے کہا نہیں ہو گا۔

بشیر میمن صاحب ایماندار بندے ہیں وہ اگر کہہ رہے ہیں تو ہو سکتا ہے کہ وزیراعظم ہاؤس سے کسی شخصیت نے انہیں ایسا کرنے کے لیے کہا ہو تاہم اس کا واضح پتا تو کسی انکوائری کمیٹی یا پھر جوڈیشل کمیشن میں ہی چلے گا۔جہاں تک میرا خیال ہے اور مجھے عمران خان صاحب کی گفتگو یاد ہے تو جسٹس قاضی فائز عیسیٰ سے عمران خان ناراض نہیں تھاکوئی اور ناراض ہو سکتا ہے اور یہ بھی چانس ہیں کہ جو اور پارٹی ناراض تھی ممکن ہے ڈی جی ایف آئی اے پر ان کی طرف سے دباؤ ہواب یہ تو بہتر بشیر میمن صاحب ہی بتا سکتے ہیں۔