قومی وطن پارٹی نے اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں ہوشربااضافہ کوحکمرانوں کی نااہلی اور عوام دشمن پالیسیوں کا نتیجہ قرار دیدیا

بدھ 5 مئی 2021 22:38

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 05 مئی2021ء) قومی وطن پارٹی کے صوبائی چیئرمین سکندر حیات خان شیرپائونے اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں ہوشربااضافہ کوحکمرانوں کی نااہلی اور عوام دشمن پالیسیوں کا نتیجہ قرار دیتے ہوئے کہاہے کہ پی ٹی آئی حکومت کی تقریباًتین سالہ کارکردگی انتہائی مایوس کن رہی ہے ۔ان خیالات کا اظہار انھوں وطن کورشیرپائو میں شمولیتی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر پاکستان تحریک انصاف یونین کونسل مٹہ پلنگ زئی کے عہدیداروں اور سرکردہ کارکنوں رحمان گل ملک،ملک تاج محمد خان،طاہرخان،شبیر خان،فواد خان،وسیم خان،کاشف خان،واجد خان اور بہاری شاہ نے اپنے ساتھیوں اور خاندانوں سمیت قومی وطن پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔سکندر شیرپائو نے کہا کہ حکمران روزمرہ ضرورت کی اشیاء کی قیمتوں میں کمی کی صورت میں غریب عوام کو ریلیف دینے میں ناکام ہو چکی ہے جبکہ تبدیلی کے نام پر بے فائدہ منصوبوں پر عوام کا پیسہ پانی کی طرح بہایا جارہا ہے۔

(جاری ہے)

انھوں نے سوال کیا کہ گزشتہ انتخابات میں 50لا کھ گھر،ایک کروڑ نوکریاں اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں 46روپے مقرر کرنے کے دعوے کہاں گئی ۔انھوں نے کہا کہ ملک کی موجودہ ابترمعاشی و اقتصادی صورتحال سے بخوبی اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ پی ٹی آئی حکمرانوں نے اقتدار کے ایوانوں تک رسائی کے لیے تبدیلی ،میرٹ کی بالادستی اور بدعنوانی کے خاتمے جیسے کھوکھلے نعروں سے عوام کو گمراہ کیا ۔

دریں اثناسکندر حیات خان شیرپائو نے پارٹی وفد کے ساتھ حیات آباد میڈیکل کمپلیکس کے کورونا آئسولیشن وارڈ کے دورہ کے دوران عالمی پشتو جرگہ کے چیئرمین، نامور دانشوروادیب،صحافی وترقی پسند شاعراورانجمن ترقی پسندمصنفین کے مرکزی صدر سلیم رازکی عیادت کی اور ان کی جلد صحتیابی کیلئے دعا کرتے ہوئے کہا کہ موصوف کی پشتو ادب کیلئے بے پناہ خدمات پختونوں کیلئے عظیم سرمایہ ہے۔ انھوں نے کہا کہ سلیم راز کی ادبی خدمات کی طویل داستانیں ہیں اور اب بھی بے شمار ادبی تنظیموں کی سرپرستی کر رہے ہیں۔وفد میں قومی وطن پارٹی کے صوبائی سینئر وائس چیئرمین طارق احمد خان اور سیکرٹری ادب و ثقافت ڈاکٹر عالم یوسفزئی شامل تھے۔