فائرنگ سے قبل مائرہ کو پھندہ دے کر قتل کرنے کی کوشش کی گئی

26 سالہ مائرہ ذوالفقار کی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں مزید انکشافات سامنے آ گئے

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان جمعہ 7 مئی 2021 13:57

فائرنگ سے قبل مائرہ کو پھندہ دے کر قتل کرنے کی کوشش کی گئی
لاہور ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 7 مئی 2021ء ) ڈیفنس کے علاقے میں قتل ہونے والی 26 سالہ مائرہ ذوالفقار کی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں مزید انکشافات سامنے آئے ہیں۔پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق ملزمان نے اسے فائرنگ سے قتل کرنے سے قبل پھندہ دینے کی کوشش کی تاہم جب اس کی ہلاکت نہیں ہوئی تو دو فائر کیے گئے۔ایک فائر اس کے بازو میں اور دوسرا گردن پر لگا جس سے مائرہ کی موت واقع ہوگئی۔

یہ بھی بتایا گیا ہے کہ چند روز قبل ملزم ظاہر جدون اور ماہرہ ذلفقار کے مابین جھگڑا ہوا تھا جس پر اسے شدید رنج تھا۔پولیس اس حوالے سے بھی تفتیش کر رہی ہے کہ آیا ظاہر جدون نے اپنی بےعزتی کا بدلہ لینے کے لیے تو مائرہ کو قتل نہیں کیا۔ظاہر جدون ایک قتل کے مقدمے میں مفرور بھی ہے۔بتایا گیا ہے کہ بظاہر جدون کا والد کا قتل ہو گیا تھا جس کا اس نے مبینہ بدلہ لیا۔

(جاری ہے)

قتل کے مقدمے میں نامزد ہونے کے بعد ظاہر جدون نے کبھی اپنا شناختی کارڈ استعمال نہیں کیا۔خیال رہےکہ ۔پولیس نے جواں سالہ لڑکی کے قتل کے الزام میں دو ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ، گرفتار ہونے والوں میں مقتولہ مائرہ کادوست ظاہر جدون اور سعد امیر بٹ شامل ہیں۔پولیس نے مقتولہ کے چچا کے بیان پرچار ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر رکھا ہے ۔ ظاہر جدون اور سعد امیر بٹ مائرہ کے ساتھ شادی کے خواہشمند تھے، مقتولہ مائرہ نے اپنے دونوں دوستوں کے ساتھ شادی سے انکار کر دیا تھا۔

ایف آئی آر کے مطابق شادی سے انکار پر مائرہ کو دونوں دوستوں سے جان کا خطرہ تھا۔26 سالہ مائرہ چند روز قبل یوکے سے پاکستان آئی تھی اور اپنی دوست اقرا ء کے ہمراہ رہائش پذیر تھی،مقتولہ کے والدین بیرون ملک مقیم ہیں۔ مقتولہ ماہرہ کے چچا کے بیان پر4 ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ، محمد نذیر نے دائر درخواست میں بتایا کہ ماہرہ نے چند روز قبل بتایا تھا کہ اس کے دوست اسے ''سنگین نتائج'' کی دھمکیاں دے رہے ہیں ،ماہرہ نے یہ بھی کہا کہ میری جان کو دونوں سے خطرہ ہے ، تینوں میں تنازعہ کی وجہ یہ تھی کہ سعد مائرہ کو شادی کرنے پر مجبور کرتا تھا جب کہ دوسرا دوست بھی شادی کرنا چاہتا تھا جب کہ مائرہ نے ان دونوں میں سے کسی سے بھی شادی کرنے سے انکار کر دیا تھا ۔