پی ڈی ایم رہنماؤں کا عید کے بعد حکومت مخالف تحریک شروع کرنے کا فیصلہ

شریف برادران اور مولانا فضل الرحمن کے درمیا ن رابطہ ،شہباز شریف کو باہر جانے سے روکے جانے کے خلاف عدالت جانے پر اتفاق

بدھ 12 مئی 2021 00:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 مئی2021ء) حزب اختلاف کی جماعتوں کے پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے رہنماؤں نے عید کے بعد حکومت مخالف تحریک شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے سابق وزیراعظم نواز شریف اور پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے ٹیلی فونک رابطہ کیاہے۔

(جاری ہے)

ٹیلی فونک بات چیت میں فیصلہ کیا گیا کہ حکومت کے خلاف فیصلہ کن راؤنڈ کے لیے مولانا فضل الرحمان عید کے بعد پی ڈی ایم میں شامل جماعتوں کے قائدین سے ملاقاتیں کریں گے۔گفتگو کے دوران حکومت کی جانب سے شہباز شریف کو باہر جانے سے روکے جانے کے خلاف عدالت جانے پر بھی اتفاق ہوا۔تینوں رہنماؤں کے درمیان معاملات طے پانے کی صورت میں پاکستان پیپلز پارٹی اور عوامی نیشنل پارٹی کو پی ڈی ایم کے سربراہی اجلاس میں دعوت دینے پر بھی اتفاق ہوا۔