تربت: کرونا ویکسینیشن کا عمل جاری

ایک ہزار ڈوز پر مشتمل نئی کھیپ پھر پہنچ گئی، ڈی ایچ کیو ہسپتال میں روزانہ پچاس افراد کو ویکسین لگائی جارہی ہے

بدھ 12 مئی 2021 21:02

تربت(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 مئی2021ء) تربت میں کرونا ویکسینیشن کا عمل جاری، ایک ہزار ڈوز پر مشتمل نئی کھیپ پھر پہنچ گئی، ڈی ایچ کیو ہسپتال میں روزانہ پچاس افراد کو ویکسین لگائی جارہی ہے، ایم ایس ڈاکٹر محمد یوسف نے کہاہے کہ ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر کیچ ڈاکٹر رحیم جان بلیدی کے مطابق ضلع کیچ کے لیے دی گئی 3000 ویکسین کے ڈوز منگل کو ختم ہوگئے جبکہ اسی شام 1000 ڈوز پر مشتمل نئی کھیپ صوبائی دارالحکومت سے تربت پہنچ چکی ہے۔

ضلع کیچ کی آبادی قریبا 9لاکھ 50 ہزار نفوس پر مشتمل ہے جس میں تربت سٹی کی آبادی کم از کم 4لاکھ ہوگی، حکومت کی طرف سے 9 لاکھ 50 ہزار کی آبادی کے لیے صرف 3000 ڈوز انتہائی ناکافی ہیں جبکہ لوگوں کی طرف سے ویکسینیشن کا رجحان بھی مثبت ہے ایسے میں اتنی بڑی آبادی کے لیے کرونا ویکسین کی تعداد میں اضافہ ناگزیر ہے۔

(جاری ہے)

ڈسٹرکٹ ٹیچنگ ہسپتال تربت کے ایم ایس ڈاکٹر لال جان محمد یوسف نے ڈیلی ایگل کیچ کو بتایا کہ ٹیچنگ ہسپتال اپنی ضرورت کے مطابق روزانہ 50 ویکسین ڈی ایچ او آفس سے طلب کرتی ہے اور اب تک 2400 افراد کو ڈی ایچ کیو میں ویکسین لگایا جاچکا ہے، ان کے مطابق آج سے ٹیچنگ ہسپتال تربت میں Oxford, AstraZeneca vaccine کی پہلی ڈوز شروع کی جائے گی جو 40 سے 60 سال کے عمر کے لوگوں کو لگائی جائے گی۔

تربت میں کرونا وائرس کے کئی کیسز ریکارڈ کیے جاچکے ہیں، نیشنل پارٹی کے رہنما اور میونسپل کارپوریشن تربت کے سابق میئر قاضی غلام رسول کرونا کے باعث جمعہ کو انتقال کر گئے جبکہ اس سے پہلے سابق ڈی ایچ او ڈاکٹر جنید گچکی اور عطا شاد ڈگری تربت کے پرنسپل پروفیسر محمد اسلم بھی کرونا کے سبب وفات پاگئے تھے۔دوسری جانب شہر کے سیاسی اور سماجی حلقوں نے مطالبہ کیا ہے ضلع کیچ کو آبادی کے تناسب سے ویکسین فراہم کی جائے تاکہ لوگوں کو اس عالمی وبائی مرض سے بہتر اور فوری تحفظ مہیا کیا جاسکی