الیکشن ٹریبونل حیدرآباد نے حلقہ این اے 230 بدین سے وفاقی وزیر ڈاکٹر فہمیدہ مرزا کو اسمبلی کی رکنیت منسوخ کرنے کا حتمی نوٹس جاری کر دیا

اتوار 30 مئی 2021 00:33

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 مئی2021ء) الیکشن ٹریبونل حیدرآباد نے جی ڈی اے کی حلقہ این اے 230 بدین سے رکن قومی اسمبلی اور وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا کو اسمبلی کی رکنیت منسوخ کرنے کا حتمی نوٹس جاری کر دیا ہے، وہ اپنے خلاف دائر کردہ انتخابی عذر داری کی سماعت پر گذشتہ دو سال سے پیش نہیں ہو رہیں۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر فہمیدہ مرزا 2018ء کے عام انتخابات میں حلقہ این اے 230 بدین سے منتخب ہوئی تھیں ان کے قریبی حریف پیپلزپارٹی کے ہارنے والے امیدوار حاجی رسول بخش چانڈیو نے انتخابی نتائج کو الیکشن ٹریبونل میں چیلنج کیا تھا،انتخابی عذرداری کی ہفتے کے روز بھی سماعت ہوئی جس میں ڈاکٹر فہمیدہ مرزا اور ان کے وکیل کوئی حاضر نہیں ہوا،جس کا ٹریبونل نے سخت نوٹس لیا کہ تین سال سے جاری سماعت میں پہلے تو ڈاکٹر فہمیدہ مرزا کے وکیل پیش ہوتے رہے لیکن گذشتہ دو سال سے کوئی بھی پیش نہیں ہو رہا اور اس طرح دانستہ کیس کو التواء میں رکھا جا رہا ہے،فاضل ٹریبونل نے وفاقی وزیر ڈاکٹر فہمیدہ مرزا کو حتمی طور پر انتباہ کیا ہے کہ اگر وہ آئندہ 20 روز میں پیش نہ ہوئیں تو ان کی قومی اسمبلی کی رکنیت منسوخ کر دی جائے گی۔