تحصیل وزیرآباد میں کورونا کیسز کی شرح ایک فیصد سے بھی نیچے آگئی

ہفتہ 5 جون 2021 00:06

وزیرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 جون2021ء) تحصیل وزیرآباد میں کورونا کیسز کی شرح ایک فیصد سے بھی نیچے آگئی ۔محکمہ صحت نے شہریوں کے کورونا ٹیسٹ کے لئے نئی حکمت عملی پر کام شروع کر دیا۔ عوامی مقامات پر شہریوں کے ٹیسٹ لئے جائینگے۔محکمہ صحت کی چار خصوصی ٹیمیں سکولوں، کاروباری مراکز ، مساجد اور مدرسوں میں شہریوں کے کورونا ٹیسٹ کے لئے نمونے حاصل کرینگی ۔

بیرون ملک جانے والوں کے لئے بھی علیٰحدہ کائونٹر قائم کئے جا رہے ہیں ۔ڈپٹی ڈسٹرکٹ آفیسر (ہیلتھ) وزیرآباد ڈاکٹر علی اصغر کے مطابق تحصیل وزیرآباد میں کورونا کیسز کی تعداد میںواضح کمی آئی ہے ۔ مثبت کیسز کی شرح ایک فیصد سے بھی نیچے آگئی ہے۔انہوں نے کہا کہ کورونا ٹیسٹ کا دائرہ عمل عوامی مقامات تک بڑھانے کی حکمت عملی پر کام شروع کر دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

محکہ صحت کی چار ٹیمیں متحر ک ہیں جو پبلک مقامات کے علاوہ سکول، کاروباری مراکز، غلہ منڈی، سبزی منڈی ، مساجداور مدرسوں سے شہریوں کے نمونے حاصل کر کے کوروناٹیسٹ کی لیبارٹری کو بھیجے جائینگے۔پہلے مرحلے میں وزیرآباد شہر سے 200 ، گکھڑ منڈی سے 150، احمد نگر سے 100اور جامکی چٹھہ سے 50شہریوں کے نمونے حاصل کر کے کورونا ٹیسٹ لیبارٹری کو بھیجے گئے ہیں ۔

ڈاکٹر علی اصغر نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ کورونا ویکسین ضرور لگوائیں اور خود کو محفوظ بنائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ بیرون ملک جانے والے افراد کی سہولت کے لئے علیٰحدہ ویکسی نیشن کائونٹر بنائے جا رہے ہیں جہاں مطلوبہ ملک کی ڈیمانڈ کے مطابق ویکسین لگائی جائے گی۔باہر جانے کے خواہشمند افراد کو خود بھی علم ہونا چاہئے کہ ان کو کس ویکسین کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ علیحدہ یکسی نیشن کائونٹرقائم کر نے کے انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیںاور حکومت کی ہدائت کے مطابق فوری طورپر کام شروع کردینگے۔

متعلقہ عنوان :