پنجاب حکومت کا سرکاری خالی پلاٹس پر بچوں کیلئے پلےلینڈ بنانےکا فیصلہ

تمام پارکوں اور اہم شاہراؤں کی صفائی اور خوبصورتی کو یقینی بنایا جائے، شہریوں سے اپیل ہے کہ کچرا ایل ڈبلیوایم سی کے ڈرمز میں پھینکیں۔ صوبائی وزیرصحت ڈاکٹر یاسمین راشد

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ منگل 8 جون 2021 22:49

پنجاب حکومت کا سرکاری خالی پلاٹس پر بچوں کیلئے پلےلینڈ بنانےکا فیصلہ
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 08 جون2021ء) پنجاب حکومت نے سرکاری خالی پلاٹس پر بچوں کیلئے پلےلینڈ بنانے کا فیصلہ کرلیا ہے، تمام پارکوں اور اہم شاہراؤں کی صفائی اور خوبصورتی کو یقینی بنایا جائے، شہریوں سے اپیل ہے کہ کچرا ایل ڈبلیوایم سی کے ڈرمز میں پھینکیں۔ تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدار کی ہدایت پرصوبائی وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشد کی زیر صدارت ایوان وزیراعلیٰ میں اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا،جس میں سینیٹر اعجاز چوہدری، صوبائی وزیرہائر ایجوکیشن راجہ یاسرہمایوں، کمشنر لاہور ڈویژن کیپٹن (ر)محمد عثمان یونس،سیکرٹری لوکل گورنمنٹ نورالامین مینگل،چیئرمین لاہورویسٹ مینجمنٹ کمپنی،ایم ڈی واسا،ایم ڈی پی ایچ اے ودیگرافسران نے شرکت۔

صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشدنے اجلاس کے دوران لاہورکوصاف رکھنے اور خوبصورت کیلئے مختلف اداروں کی کارکردگی کا جائزہ لیا۔

(جاری ہے)

چیئرمین لاہورویسٹ مینجمنٹ کمپنی اورایم ڈی پی ایچ اے نے لاہورکوصاف رکھنے اور خوبصورت بنانے بارے روڈ میپ کی تفصیلات پیش کیں۔کمشنرلاہورڈویژن کیپٹن(ر)محمد عثمان یونس نے وزیر صحت کو لاہورکو مزیدصاف اور خوبصورت بنانے کیلئے پریزنٹیشن دی۔

اجلاس کے دوران سرکاری خالی پلاٹس پربچوں کیلئے پلے لینڈ بنانے پر اتفاق ہوا۔ صوبائی وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشد نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق لاہورکو کلین اینڈ گرین بنانے کی کوشش کررہے ہیں۔ لاہور کی صفائی کے حوالہ سے تمام متعلقہ اداروں کے نمائندگان کی ٹاسک فورس بنائی جائے گی۔ شہرکی صفائی کے حوالہ سے خدمت ایپ پرآنے والی تمام شکایات کا ترجیحی بنیادوں پر ازالہ کیاجارہاہے۔

ڈاکٹریاسمین راشدنے کہا کہ لاہور کوہرصورت صاف اور خوبصورت دیکھنا چاہتے ہیں۔ لاہورکے اہم مقامات سے روزانہ کی بنیاد پر کچرا اٹھایا جارہا ہے۔ شہرکی صفائی کیلئے ایل ڈبلیوایم سی کے نائٹ آپریشنزجاری ہیں۔لاہورشہرسے روزانہ کی بنیاد پر 6 ہزار ٹن سے زائد کچرا صاف کیا جاتا ہے۔ صوبائی وزیر صحت نے مزید کہا کہ لاہورکوصاف اورخوبصورت بنانے کیلئے تمام ادارے محنت کررہے ہیں۔

لاہور کی صفائی کیلئے نائٹ سویپنگ تیزی سے جاری ہے۔ میڈیا کے ذریعے عوام میں صفائی ستھرائی کے حوالہ سے آگاہی مہم چلائی جارہی ہے۔ پی ایچ اے لاہورکی سڑکوں کو خوبصورت بنانے کیلئے اقدامات اٹھارہی ہے۔ پی ایچ اے لاہورکے پارکوں کو کچرا سے پاک رکھنے کیلئے اقدامات اٹھائے۔ صوبائی وزیر صحت نے کہا کہ لاہورکی تمام ڈرینزکی صفائی کویقینی بنایاجارہاہے۔

لاہورکوآلودگی سے پاک رکھنے کیلئے بھی حکمت عملی تیارکرلی گئی ہے۔ ڈاکٹریاسمین راشدنے کہاکہ لاہورکی اہم شاہراؤں کی صفائی اور خوبصورتی کویقینی بنایاجائے۔ تمام متعلقہ اداروں کی مشترکہ کوششوں سے لاہورکوصاف بنائیں گے۔صوبائی وزیر صحت نے عوام سے سڑک پرکچرا پھینکنے کی بجائے ایل ڈبلیوایم سی کے ڈرمز میں پھینکنے کی اپیل بھی کی۔صوبائی وزیر ہائرایجوکیشن راجہ یاسر ہمایوں نے کہا کہ لاہورکی صفائی کیلئے ایل ڈبلیوایم سی کے سویپنگ آپریشنز جاری رہیں۔

وزیراعلی پنجاب سردارعثمان بزدارکی ہدایت پر شہرکی صفائی کی باقاعدہ مانیٹرنگ کررہے ہیں۔سینیٹراعجاز چوہدری نے کہا کہ لاہورکی صفائی کویقینی بنانے کیلئے تمام متعلقہ ادارے مل کرکام کررہے ہیں۔لاہور کو تمام متعلقہ اداروں کی مشترکہ کوششوں کے ذریعے ہی صاف اور خوبصورت بنایاجاسکتاہے۔سینیٹراعجاز چوہدری نے مزید کہا کہ لاہورکی صفائی کے حوالہ سے عوام کی آگاہی کیلئے جامع تشہیری مہم چلائی جائے۔شہرکی صفائی کو یقینی بنانے کیلئے عوام کا تعاون انتہائی اہم ہے۔