فیصل آباد،کسانوں کو کھاد،بیج و زرعی ادویات پر براہ راست سبسڈی کی فراہمی کیلئے کسان کارڈز کی تقسیم کا سلسلہ شروع ہو گیا

بدھ 9 جون 2021 16:49

فیصل آباد،کسانوں کو کھاد،بیج و زرعی ادویات پر براہ راست سبسڈی کی فراہمی ..
فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 جون2021ء) کسانوں کو کھاد،بیج و زرعی ادویات پر براہ راست سبسڈی کی فراہمی کیلئے کسان کارڈز کی تقسیم کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔اس سلسلہ میں بدھ کو تحصیل فیصل آباد صدر کے کسانوں میں کسان کارڈز کی تقسیم کیلئے ٹریننگ ہال محکمہ زراعت توسیع میں ایک تقریب منعقد ہوئی جس میں محکمہ زراعت توسیع کے افسران،ایچ بی ایل کنیکٹ کے نمائندوں اور تحصیل صدر کے کسانوں نے شرکت کی۔

اس موقع پر ڈائریکٹر زراعت توسیع چوہدری عبدالحمید،ڈپٹی ڈائریکٹرچوہدری خالد محموداوراسسٹنٹ ڈائریکٹرڈاکٹر خالد اقبال ودیگربھی موجود تھے۔ڈائریکٹر زراعت نے اپنے خطاب میں فصلوں کی پیداوار بڑھانے کیلئے حکومتی منصوبوں کے بارے میں کسانوں کو آ گاہ کیا اور کسان کارڈ کی افادیت بتاتے ہوئے کہا کہ حکومت کی جانب سے کسان کارڈ کے اجراسے کسانوں کو سبسڈی کی رقوم حاصل کرنے میں آسانی ہو گی اور کسان زرعی مداخل کے بہتر استعمال سے اپنی پیداوار بڑھا کر زیادہ نفع کما سکیں گے جن سے ان کا معیار زندگی مزید بہتر ہوگا۔

(جاری ہے)

تقریب کے دوران کسانوں کو کسان کارڈز تقسیم کئے گئے۔کسانوں نے کسان کارڈ کی فراہمی کو حکومتی کسان دوست پالیسیوں کا حصہ قرار دیتے ہوئے حکومتی کوکششوں کو سراہا۔اس موقع پر بتایا گیا کہ فیصل آباد ڈویژن میں کسان کارڈ کیلئے 25 ہزار ایچ بی ایل کنیکٹ اکاؤنٹس کھولے گئے ہیں اور اب تک 23 ہزار کسانوں نے کارڈز کیلئے درخواستیں جمع کرائی ہیں۔

متعلقہ عنوان :