بہاولپور میں ریسکیو اہلکار نے ایمانداری کی مثال قائم کر دی

ایسے سرکاری اہلکار عوام کیلئے نعمت ہیں، ریسکیو اہلکار نے حادثے کی وجہ سے بے ہوش ہوجانے والے شہری کو ہسپتال میں لاکھوں روپے کی نقدی واپس کر دی

Danish Ahmad Ansari دانش احمد انصاری بدھ 9 جون 2021 21:06

بہاولپور میں ریسکیو اہلکار نے ایمانداری کی مثال قائم کر دی
بہاولپور (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 09 جون2021ء) ایسے سرکاری اہلکار عوام کیلئے نعمت ہیں، بہاولپور میں ریسکیو اہلکار نے ایمانداری کی مثال قائم کر دی، حادثے کی وجہ سے بے ہوش ہوجانے والے شہری کو ہسپتال میں لاکھوں روپے کی نقدی واپس کر دی- تفصیلات کے مطابق ریسکیو اہلکار محمد سلیم مقبول کو ریسکیو آپریشن کے دوران 79ہزار روپے ملے،حادثے کے دوران شہری زخمی ہونے کے باعث بے ہوش ہوگیا تھا جسے ریسکیو ٹیم نے ہسپتال منتقل کیا۔

اس دوران محمد سلیم مقبول نے شہری کی امانت اپنے پاس محفوظ کرلی اور ہسپتال پہنچنے پر امانت کو زخمی شخص کے ورثا کے حوالے کردیا۔ورثا نے محمد سلیم مقبول کا شکریہ ادا کیا۔ان کا کہنا تھا کہ ایسے سرکاری اہلکار عوام کے لیے ایک نعمت ہیں۔ واضح رہے کہ کچھ دن پہلے کراچی ائیرپورٹ پر بھی ایک ایسا ہی واقعہ پیش آیا تھا، جہاں فرض شناس افسر نے دیانت داری کی مثال قائم کر دی تھی، جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر تعینات افسر کی فرض شناسی اور دیانت داری کی وجہ سے ہوائی اڈے پر قیمتی سامان بھول کر جانے والے مسافر کو اپنا سامان واپس مل گیا۔

(جاری ہے)

اطلاع کے مطابق مذکورہ مسافر پی آئی اے کی پرواز پی کے 368 کے ذریعے کراچی سے اسلام آباد جارہا تھا کہ وہ بورڈنگ لائونچ میں اپنا دستی سامان بھول گیا تھا۔ ٹرمینل منیجر معمول کے دورے پر تھے کہ انہوں نے ڈومیسٹک لائونچ میں موجود ہینڈ بیگ دیکھا، انہوں نے بیگ اٹھانے کے بعد اسے کھولا تو اندر قیمتی لیپ ٹاپ، غیر ملکی کرنسی اور سونے کے دو بریسلیٹ موجود تھے۔

ٹرمینل منیجر نے فوری طور پر ایئرپورٹ منیجر کو صورت حال سے آگاہ کیا، جس کے بعد سول ایوی ایشن کے افسر نے مسافر کو سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے تلاش کر کے اس سے رابطہ کیا۔ مسافر جب ٹرمینل منیجرذوالفقارکے پاس پہنچا تو انہوں نے بیگ اس کے حوالے کر کے تمام چیزیں دوبارہ دیکھنے کا کہا، جس پر اس نے تصدیق کی کہ تمام سامان اس میں موجود ہے۔ایئرپورٹ منیجر نے مسافر سے تصدیق اور ضروری کارروائی کے بعد سامان اس کے حوالے کردیا۔ مسافر نے قیمتی سامان ملنے پر ایئرپورٹ منیجر ،ٹرمینل منیجر اورسول ایوی ایشن کے عملے کی فرض شناسی کو سراہا۔