سعودی عرب نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا

پٹرول 91 کی نئی قیمت 2 ریال 18 ہللہ جبکہ پٹرول 95 کی نئی قیمت2 ریال 33ہللہ مقرر کی گئی ہے

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعہ 11 جون 2021 09:50

سعودی عرب نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا
ریاض(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔11 جون2021ء) کورونا وائرس کی وجہ سے دُنیا بھر میں اس وقت ایک نحوست کا راج ہے۔ ایک طرف لوگوں کی اموات ہو رہی ہیں تو دوسری طرف کاروبار ٹھپ ہونے سے کروڑوں گھروں کے چولہے ٹھنڈے پڑے ہیں۔ ایسے وقت میں سعودیہ میں مقیم پاکستانی کچھ پریشان ہیں، اب ان کی پریشانی میں مزید اضافہ ہونے والا ہے۔ سعودی پٹرولیم ادارے ارامکو کی جانب سے 11جون سے 10 جولائی تک کے لیے پٹرول کی نئی قیمتیں جاری کر دی گئی ہیں، جن کے مطابق مملکت میں پٹرول 95اور پٹرول 91کے نرخوں میں اضافہ کر دیا گیا ہے۔

گزشتہ رات پٹرول کے نئے نرخ جاری کیے گئے ہیں۔ سعودی گزٹ کے مطابق پٹرول91 کی قیمت بڑھا کر2 ریال 18 ہللہ کر دی گئی ہے۔ گزشتہ ماہ فروری میں اس پٹرول کی قیمت 2 ریال08 ہللہ تھی۔

(جاری ہے)

اس طرح پٹرول 91 کی قیمت میں 10 ہللہ کا اضافہ ہو گیا ہے۔ جبکہ پٹرول 95 کی نئی قیمت بڑھاکر 2 ریال33 ہللہ فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔ گزشتہ ماہ اس پٹرول کی قیمت 2 ریال23 ہللہ تھی۔

اس لحاظ سے پٹرول 95 کی قیمت میں 10 ہللہ کا اضافہ ہو گیا۔تاہم ڈیزل اورکیروسین آئل یعنی مٹی کے تیل کی قیمتیں پچھلے ماہ کے نرخوں پر برقرار رکھی گئی ہیں۔ ڈیزل کی قیمت 52 ہللہ فی لیٹر ہی رہے گی جبکہ مٹی کے تیل کی قیمت پچھلے ماہ کی طرح ہی70 ہللہ فی لٹر ہوگی۔ارامکو کے مطابق پٹرولیم مصنوعات کے نئے نرخ ہفتہ آج 11جون سے نافذ العمل ہوں گے۔واضح رہے کہسعودی مملکت میں پٹرول کی قیمتوں کا تعین عالمی منڈی میں تیل کے برآمدی نرخوں کے مطابق کیا جاتا ہے۔

عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اُتار چڑھاؤ کے مطابق ہی سعودی عرب میں بھی قیمتوں میں رد و بدل کی جاتی ہے۔ارامکو کی جانب سے ہر ماہ کی دس تاریخ کو پٹرول کے نرخوں پر نظرثانی کی جاتی ہے اور اس کا اطلاق ہر ماہ کی گیارہ تاریخ سے کیا جاتا ہے۔ گزشتہ چھ ماہ سے سعودی مملکت میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافے سے پاکستانی تارکین کے اخراجات میں اضافہ ہو گیا ہے۔ جن میں سے کئی ایسے ہیں جنہیں کورونا وبا کے معاشی بحران کی وجہ سے پہلے ہی کم تنخواہ ادا کی جا رہی ہے۔