بلاول بھٹو آزادکشمیر کو آزادکشمیر الیکشن قوانین سے متعلق ان کی جماعت نے غلط بریف کیا ، ترجمان وزیر اعظم آزاد کشمیر

قانون کے مطابق انتخابی فہرستوں کی تیاری میں حکومت آزادکشمیر یا وزیراعظم آفس کا کوئی کردار نہیں ، ترجمان کا بیان بلاول بھٹو زرداری یا ان کی جماعت کو انتخابی فہرستوں پر اعتراضات ہیں تو اس کا ایک قانونی طریقہ کار موجود ہے

اتوار 13 جون 2021 15:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 جون2021ء) وزیراعظم آزادکشمیر کے ترجمان نے بلاول بھٹو زرداری کے بیان پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ بلاول بھٹو آزادکشمیر کو آزادکشمیر الیکشن قوانین سے متعلق ان کی جماعت نے انہیں غلط بریف کیا ،قانون کے مطابق انتخابی فہرستوں کی تیاری میں حکومت آزادکشمیر یا وزیراعظم آفس کا کوئی کردار نہیں ۔

ترجمان نے کہاکہ الیکشن کمیشن آزادکشمیر ایک بااختیار ادارہ ہے جو گزشتہ کئی ماہ سے ووٹر فہرستوں کی تیاری کے عمل میں مصروف ہے ۔

(جاری ہے)

ترجمان نے کہاکہ حتمی ووٹر فہرستوں کی اشاعت سے قبل بارہا کمیشن کی جانب سے مجوزہ فہرستیں شائع کی جاتی ہیں ،وزیراعظم آزادکشمیر اور ان کے دفتر کو ملوث کرنے کی بات کی بلاول بھٹو زرداری شاید لاعلمی میں کہہ گئے ۔ انہوںنے کہاکہ بلاول بھٹو زرداری یا ان کی جماعت کو انتخابی فہرستوں پر اعتراضات ہیں تو اس کا ایک قانونی طریقہ کار موجود ہے ۔ انہوںنے کہاکہ صرف باشندہ ریاست کی تصدیق اور ساری سیاسی جماعتوں کے نمائندگان کے دستخطوں سے مہاجرین کی فہرستیں فائنل کی گئیں ،جس کے بعد ہزاروں کی تعداد میں جعلی ووٹوں کا اخراج کیا گیا۔