چینی خلائی اسٹیشن کے لیے خلاباز تیار، روانگی اگلے ہفتے

DW ڈی ڈبلیو اتوار 13 جون 2021 17:40

چینی خلائی اسٹیشن کے لیے خلاباز تیار، روانگی اگلے ہفتے

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ ۔ DW اردو۔ 13 جون 2021ء) چینی خلابازوں کو لے کر راکٹ اگلے ہفتے روانہ ہو گا۔ اس راکٹ کو اُڑان بھرنے کے لیے لانچنگ پیڈ پر کھڑا کر دیا گیا ہے۔ اس کے ذریعے تین خلابازوں کو قریب تین ماہ کے لیے مدار میں بھیجا جائے گا، جو وہاں اہم نوعیت کے امور سرانجام دیں گے۔

کامیابی سے مکمل ہونے کی صورت میں یہ چین کا سب سے طویل مشن ہو گا۔

تینوں خلاباز خلائی اسٹیشن میں پہنچنے کے بعد خلا میں چہل قدمی کے علاوہ داخلی تعمیری اور ضروری مرمت کے کام مکمل کریں گے۔ اس راکٹ کے ساتھ خلا بازوں کو لے کر جانے والا ایک خلائی جہاز بھی منسلک ہے۔

چینی ’خلائی گاڑی‘ کامیابی سے مریخ پر اتر گئی

خلائی راکٹ لانگ مارچ

خلائی اسٹیشن کے لیے جو خلائی راکٹ لانچنگ پیڈ پر کھڑا کیا گیا ہے، اس کا نام لانگ مارچ ٹو ایف وائی ٹویلوو (Long March-2F Y12) ہے۔

(جاری ہے)

اس کے ساتھ جس خلائی جہاز کو جوڑا گیا ہے، اس کو شینژُو بارہ کا نام دیا گیا ہے۔ راکٹ روانہ کرنے کا مقام جنوب مغربی چین میں جیوکوان سیٹلائٹ لانچ سینٹر ہے۔

چین کے خلائی انجینیئرنگ مرکز کے مطابق اس کا قوی امکان ہے کہ راکٹ اگلے بدھ، سولہ جون کو خلائی اسٹیشن کی جانب خلا بازوں کو لے کر روانہ ہو جائے گا۔ بیان کے مطابق حتمی تاریخ کا تعین کرنا ابھی باقی ہے۔

چینی خلائی اسٹیشن

چین کے خلائی اسٹیشن کو رواں برس انتیس اپریل کو ایک خصوصی راکٹ مدار میں چھوڑ کر آیا تھا۔ یہ بین الاقوامی خلائی اسٹیشن کی طرز کا ہے لیکن کلی طور پر چین کی نگرانی میں ہے۔ بین الاقوامی خلائی اسٹیشن پر امریکی، روسی اور یورپی خلا باز مشترکہ خلائی تحقیقی سرگرمیوں کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں۔

چینی خلائی راکٹ ’لانگ مارچ‘ کے ٹکڑے بحر ہند میں گر گئے

چینی خلائی اسٹیشن کا نام تیانی (Tianhe) ہے اور انگریزی میں اس کا مطلب 'ہیون لی ہارمنی‘ ہے۔

اس خلائی اسٹیشن کے لیے ایندھن، خوراک اور آلات گزشتہ ماہ منتقل کیا گیا تھا۔ یہ سامان اگلے ہفتے جانے والے خلابازوں کے استعمال کے لیے بھیجا گیا ہے۔

اس خلائی اسٹیشن کا وزن ستر ٹن ہے اور اس میں توسیع کی منصوبہ بندی بھی کی جا چکی ہے۔ قبل ازیں چینی خلابازوں کی ایک ٹیم تینتیس ایام خلا میں گزار چکی ہے اور یہ ایک اور خلائی اسٹیشن پر مقیم رہے۔

ان خلابازوں نے خلا سے مختلف یونیورسٹیوں کے طلبا کو بھی خلائی سائنس کے بارے میں تعلیم دی تھی۔

چینی خلائی اسٹیشن کے لیے منصوبہ بندی

چینی خلائی ایجنسی اگلے برس تک تیانی خلائی اسٹیشن پر گیارہ مختلف مشن روانہ کرے گی۔ اس میں دو خلائی تجربہ گاہوں کی منتقلی ہے، جو خلائی اسٹیشن کے جوڑ دی جائیں گی۔

اب تک دو خلائی مشن مکمل ہو چکے ہیں اور تیسرا روانگی کے لیے تیار ہے۔

تیسرے مشن میں جانے والے خلابازوں کی تربیت مارچ سے جاری ہے۔ اسی سال ستمبر میں سامان کی ایک اور کھیپ خلائی اسٹیشن تیانی پہنچائی جائے گی۔ اس سامان کی ترسیل کے کچھ ہی دنوں بعد پہلے سے موجود خلابازوں کی جگہ ایک اور ٹیم پہنچے گی اور یہ رواں برس کا پانچواں مشن ہو گا۔

چینی خلائی گاڑی چاند سے نمونے لے کر زمین پر واپس

اب تک گیارہ چینی خلا باز مدار کا سفر مکمل کر چکے ہیں اور ان تمام کا تعلق پیپلز لبریشن آرمی کے فضائی شعبے سے ہے۔ تیانی اسٹیشن پر اولین خلا بازوں کی ٹیم مردوں پر مشتمل ہے لیکن مستقبل میں خواتین بھی روانہ کی جائیں گی، جن کا تربیتی پروگرام جاری ہے۔

ع ح/ ع ا (اے پی)