پاکستان میں کورونا ویکسین کی ہزاروں ڈوز ضائع ہونے کا انکشاف

ضائع شدہ ویکسین کی بڑی مقدار کا مبینہ طور غیر قانونی استعمال ہوا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین پیر 14 جون 2021 15:21

پاکستان میں کورونا ویکسین کی ہزاروں ڈوز ضائع ہونے کا انکشاف
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 14 جون 2021ء) : ملک بھر میں کورونا وائرس کے کیسز میں نمایاں کمی تو آئی لیکن کورونا کیسز ابھی بھی سامنے آنے کا سلسلہ جاری ہے۔ ایک طرف جہاں پاکستانی کورونا ویکسین لگوا رہے ہیں وہیں دوسری جانب کورونا ویکسین کی ہزاروں ڈوز ضائع ہونے کا انکشاف بھی سامنے آ گیا ہے۔ اس حوالے سے نجی ٹی وی چینل کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ پاکستان میں کورونا ویکسین کی 4191 ڈوز ضائع ہونے کا انکشاف سامنے آیا ۔

کورونا ویکسین کی سب سے زیادہ ڈوز سندھ میں ضائع ہوئیں۔ ذرائع نے بتایا کہ ضائع شدہ ویکسین کی بڑی مقدار کا مبینہ طور غیر قانونی استعمال ہوا۔ اس حوالے سے مزید تفصیلات بھی سامنے آگئی ہیں۔ ذرائع کے مطابق ملک بھر میں کورونا ویکیسن کی 4191 ڈوز ضائع ہوچکی ہیں ، ویکسین کی سب سے زیادہ 1581 ڈوز سندھ میں ضائع ہوئیں جبکہ گلگت بلتستان میں کم ترین 95 ڈوز ضائع ہوئی۔

(جاری ہے)

پنجاب میں کورونا ویکسین کی ایک ہزار 059، خیبرپختونخواہ میں 801 ڈوزجبکہ بلوچستان میں کورونا ویکسین کی 404 خوراکیں ضائع ہو چکی ہیں ۔ اس کے علاوہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا ویکسین کی 137 ڈوز اور آزادکشمیر میں کورونا ویکسین کی 114 ڈوز ضائع ہوئیں۔ ذرائع کے مطابق ضائع شدہ ویکسین کی بڑی مقدار کا مبینہ طور غیر قانونی استعمال بھی ہونے کا انکشاف ہوا۔

ضائع شدہ کورونا ویکسین کی کافی خوراکیں مبینہ طور فروخت کی گئیں۔ واضح رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کے مثبت کیسز کی شرح 2.59فیصد تک آگئی ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹے میں کورونا سے مزید 34اموات اور1 ہزار 19 کیسز رپورٹ ہوئے۔ پاکستان میں کورونا کی ویکسینیشن جاری ہے اور 19 سال سے زیادہ عمر والے افراد کو ویکسین لگائی جا رہی ہے۔ ملک بھر میں ایڈلٹ ویکسینیشن مراکز قائم کیے جا چکے ہیں اور ویکسینیشن کا تمام تر عمل ڈیجیٹل میکنزم سے کنٹرول کیا جارہا ہے۔