شاہ محمود قریشی کا روسی وزیر خارجہ سے ٹیلیفونک رابطہ ،طرفہ تعاون کے فروغ سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال

دونوں وزرائے خارجہ کا پاکستان اور روس کے مابین دو طرفہ تجارت کے حجم میں اضافے کیلئے مشترکہ کاوشیں بروئے کار لانے پر اتفاق

پیر 14 جون 2021 16:11

شاہ محمود قریشی کا روسی وزیر خارجہ سے ٹیلیفونک رابطہ ،طرفہ تعاون کے ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 جون2021ء) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے روس کے وزیر خارجہ سرگئی لاروف کے ساتھ ٹیلیفونک رابطہ کیا جس میں دونوں وزرائے خارجہ کے مابین دو طرفہ تعلقات،مختلف شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کے فروغ سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ شاہ محمود قریشی نے کہاکہ پاکستان، روس کے ساتھ اپنے دو طرفہ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے ،وقت کے ساتھ ساتھ، ان دو طرفہ تعلقات میں وسعت انتہائی خوش آئند ہے ۔

وزیر خارجہ نے کہاکہ پاکستان، روس کے ساتھ کثیرجہتی شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کے فروغ کیلئے پرعزم ہے ،روسی وزیر خارجہ کے دورہ پاکستان سے دو طرفہ تعلقات مزید مستحکم ہوئے ۔روسی وزیر خارجہ کے دورہ، پاکستان کے دوران، ہمیں اہم علاقائی و عالمی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کا موقع ملاے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ پاکستان سٹریم گیس پائپ لائن منصوبے پر دونوں ممالک کے مابین ضمنی معاہدے پر دستخط، انتہائی مثبت پیش رفت ہی- انہوںنے کہاکہ ہم توانائی کے شعبے میں تعاون کے فروغ کیلئے اس منصوبے کے جلد آغاز کے متمنی ہیں - انہوںنے کہاکہ ہم روس کی طرف سے پاکستان سے چاول کی امپورٹ پر عائد پابندی کے خاتمے کا خیر مقدم کرتے ہیں۔

دونوں وزرائے خارجہ نے پاکستان اور روس کے مابین دو طرفہ تجارت کے حجم میں اضافے کیلئے مشترکہ کاوشیں بروئے کار لانے پر اتفاق کیا ۔وزیر خارجہ نے کرونا وبا کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے پاکستان کی معاونت پر روسی وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے،انہیں روسی کرونا ویکسین "سپوتنک" کی 5 ملین ڈوزز کی جلد فراہمی کیلئے یاددہانی کروائی۔دونوں وزرائے خارجہ نے باہمی دلچسپی کے علاقائی و عالمی امور پر مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا ۔