سعودی عرب کا پاکستان پر عائد سفری پابندیاں برقرار رکھنے کا فیصلہ

پاکستان کے علاوہ بھارت اور بنگلہ دیش پر بھی عائد سفری پابندیاں برقرار رہیں گی، سعودی عرب واپس جانے سے قاصر محنت کش پاکستانیوں کی پریشانیوں میں مزید اضافہ ہو گیا

muhammad ali محمد علی پیر 14 جون 2021 20:26

سعودی عرب کا پاکستان پر عائد سفری پابندیاں برقرار رکھنے کا فیصلہ
ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 14 جون2021ء) سعودی عرب کا پاکستان پر عائد سفری پابندیاں برقرار رکھنے کا فیصلہ۔ تفصیلات کے مطابق سعودی عرب واپس جانے سے قاصر محنت کش پاکستانیوں کی پریشانیوں میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ سعودی عرب نے پاکستان، بھارت اور بنگلہ دیش پر بھی عائد سفری پابندیاں برقرار رکھنے کا اعلان کیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ کرونا وائرس کی خطرناک بھارتی قسم کے پھیلاو کی وجہ سے سعودی عرب نے جنوبی ایشیائی ممالک پر عائد سفری پابندیوں میں مزید توسیع کر دی ہے۔

سعودی حکومت گزشتہ ماہ ایک سال کے طویل وقفے کے بعد بین الاقوامی فلائٹ آپریشن بحال کر چکی، تاہم پاکستان سمیت کئی ممالک کے شہریوں کی سعودی عرب براہ راست آمد پر پابندی عائد ہے۔ پاکستان، بھارت اور بنگلہ دیش پر عائد سفری پابندیاں برقرار رکھنے کے علاوہ سعودی عرب آنے والے غیرملکی مسافروں کیلئے نئی گائیڈ لائن جاری کردی گئی ہیں جن کا اطلاق 16 جون سے ہوگا۔

(جاری ہے)

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق سعودی جنرل اتھارٹی آف سول ایوی ایشن گاکا کی جانب سے مسافروں کیلئے نئی گائیڈ لائنز کا نوٹی فکیشن جاری کیا گیا جس کے مطابق سعودی عرب آنے والے غیرملکی مسافرحفاظتی ٹیکوں کے ڈیٹا کی رجسٹریشن مکمل کرائیں گے، جبکہ ایئرلائنز مسافروں کی ویکسی نیشن سے متعلق ڈیٹا کی ویب سائٹ پر اندراج لازمی یقینی بنائیں۔

سعودی ایوی ایشن کے مطابق ایئرلائنز مسافروں کے ڈیٹا اندراج کا مختلف طریقوں سے تصدیق یقینی بنائیں، موبائل فون پرتصدیقی پیغام، رجسٹریشن نمبر سرٹیفکیٹ سے ڈیٹا اندراج کی تصدیق کی جاسکتی ہے۔ گاکا کے مراسلے میں کہا گیا کہ رجسٹریشن ویب سائٹ پر پاسپورٹ نمبر درج کرکے بھی ڈیٹا اندراج کا معلوم کیا جاسکتا ہے، ہدایات کی خلاف ورزی پر قانونی کارروائی کی جائے گی۔