موجودہ دور میں جمہوری اقدار کے فروغ کیلئے پارلیمان کا کردار انتہائی اہم ہے ، صادق سنجرانی

پاکستان نے جمہوریت کے فروغ کیلئے بے شمار قربانیاں پیش کیں، چیئر مین سینٹ کا تقریب سے خطاب پارلیمنٹری خدمات کو مزید موثر بنانے کیلئے مخصوص انتظامی کورسز کے بارے آگاہی فراہم کی جائے گی

منگل 15 جون 2021 16:22

موجودہ دور میں جمہوری اقدار کے فروغ کیلئے پارلیمان کا کردار انتہائی ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 جون2021ء) چیئر مین سینٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ پارلیمنٹ سپریم ادارہ ہے،موجودہ دور میں جمہوری اقدار کے فروغ کیلئے پارلیمان کا کردار انتہائی اہم ہے اور پاکستان نے جمہوریت کے فروغ کیلئے بے شمار قربانیاں پیش کیںان خیالات کا اظہار چیئرمین سینیٹ نے منگل کو نو منتخب اراکین سینیٹ کو سینیٹ قواعد وضوابط سے آگاہی اور پارلیمانی امور سے متعلق تربیت فراہم کرنے کیلئے ادارہ برائے پارلیمانی خدمات(PIPS )میں منعقدہ ورکشاپ سے خطاب کے دوران کیا۔

چیئرمین سینیٹ نے نو منتخب ا راکین سینیٹ کو ادارہ برائے پارلیمانی خدمات سے تربیتی عمل میں خوش آمدید کیااورکہا کہ ایسے تربیتی پروگراموں کی انتہائی اہمیت ہے، نئے ممبران سینیٹ اور کمیٹیوں کے چیئرمینوں کیلئے ایسے تربیتی کورس کا انعقاد ضروری ہے۔

(جاری ہے)

محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ ادارہ برائے پارلیمانی خدمات ایک منفرد ادارہ ہے اس سے مجھے بھی سیکھنے کا موقع ملاہے۔

چیئرمین سینیٹ نے کہاکہ ادارہ برائے پارلیمانی خدمات پارلیمنٹرین اور سرکاری افسران کی تربیت کیلئے اہم کردار ادا کر رہا ہے، انتہائی محنتی اور تجربہ کار افسران نئے اراکین پارلیمنٹ کو ہر قسم کی رہنمائی فراہم کرنے کو تیار ہیں، اس ادارے سے نیشنل انسٹی ٹیوٹ اور منیجمنٹ کی طرز پر کورسز متعارف کروا رہے ہیں اور اس حوالے سے ایکٹ میں ترمیم بھی کی جائے گی۔

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پارلیمنٹرین کیلئے جدید دور کے تناظر میں چیلنجز کا سامنا کرنے کیلئے متعلقہ امور کی مہارت کا ہونا لازمی ہے اور نو منتخب اراکین سینیٹ کو آگاہی فراہم کر کے قانون سازی اور دیگر امور کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ پارلیمنٹری خدمات کو مزید موثر بنانے کیلئے مخصوص انتظامی کورسز کے بارے آگاہی فراہم کی جائے گی۔

ادارہ برائے پارلیمانی خدمات سے پارلیمنٹرین کو حقائق پر مبنی معلومات اور تحقیق فراہم کی جائیں تاکہ وہ موثر قانون سازی میں اپنا موثر کردار ادا کر سکیں۔ چیئرمین سینیٹ نے اٴْمیدظاہر کی کہ اس تربیتی عمل سے پارلیمنٹرین موثر معلومات حاصل کر کے سود مند قانون سازی کے ذریعے ملکی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار ادا کریںگے۔ محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ جدید دور میں بے شمار چیلنجز کا سامنا ہے جن سے نبردآزما ہونے کیلئے بنیادی معلومات و حقائق سے آگاہی ضروری ہے۔

انھوں نے کہا کہ 21 ویں صدی میں استعداد کار کو بہتر بنا کر مسائل کا حل وقت کی بنیادی ضرورت ہے۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پارلیمنٹ سپریم ادارہ ہے اور حکومت کی مرکزی مشینری کی حیثیت رکھتا ہے۔ نو منتخب اراکین کیلئے موثر قانون سازی کرنا اعزاز کی بات ہے جس کیلئے ہمیں سخت محنت کی ضرورت ہے۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ ادارہ برائے پارلیمانی خدمات پارلیمنٹرین کیلئے اپنی خدمات کو موثر انداز میں پیش کر کے بہتری پیدا کرے گا۔ ایگزیگٹیوڈائریکٹر پپس محمد انور نے کہا کہ پارلیمانی امور تقریباً ہر ہائوس کیلئے یکساں ہیں لیکن اس حوالے سے پریکٹس مختلف ہے۔انھوں نے کہا کہ ایسے پروگراموں کیلئے چیئرمین سینیٹ ہمیشہ فعال کردار ادا کرتے رہے ہیں۔