سعودی عرب میں پہلے روز ہی حج درخواستوں کا تانتا بندھ گیا

اپلائی کا لنک جاری ہونے کے صرف 24 گھنٹوں کے اندر 4 لاکھ 5 ہزار درخواستیں جمع کرا دی گئیں

Muhammad Irfan محمد عرفان منگل 15 جون 2021 16:55

سعودی عرب میں پہلے روز ہی حج درخواستوں کا تانتا بندھ گیا
ریاض(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔15 جون2021ء) سعودی عرب کی جانب سے کورونا وبا کے پھیلاؤ کے خدشے کو سامنے رکھتے ہوئے اس بار بھی حج صرف سعودیہ میں مقیم افراد تک ہی محدودکر دیا گیا ہے۔ سعودی وزار ت حج و عمرہ نے اعلان کیا تھا کہ اس بار حج کی درخواستیں وزارت کی ویب سائٹ پر آن لائن وصول کی جائیں گی۔ وزارت کی جانب سے جونہی درخواستوں کی وصولی کے لنک جاری کیا گیا تو ویب سائٹ پر درخواستیں جمع کروانے والوں کا تانتا بندھ گیا۔

وزارت کے مطابق صرف 24 گھنٹوں کے دوران 4 لاکھ 50 ہزار تارکین وطن اور سعودی شہریوں نے درخواستیں جمع کروائی ہیں۔ درخواستیں جمع کروانے والوں میں 60 فیصد مرد اور 40 فیصد خواتین ہیں۔حج کی درخواستیں وصول کرنے کا کام 13 ذیقعد تک جاری رہے گا۔ خواہش مندوں کی جمع ہونے والی لاکھوں درخواستوں میں سے صرف 60 ہزار افراد کو حج کے لیے منتخب کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ سعودیہ سے باہر مقیم افراد اس بار حج کی سعادت سے محروم ہی رہیں گے۔سعودی عرب کے نائب وزیر حج و عمرہ ڈاکٹر عبدالفتاح مشاط نے بتایا ہے کہ سعودی عرب میں پہلی بار حج کی خواہش رکھنے والی خواتین کو بڑی رعایت دے دی گئی ہے۔ جو خواتین حج کا ارادہ رکھتی ہیں وہ محرم کے بغیر بھی حج کے لیے آن لائن رجسٹریشن کروا سکتی ہیں۔ ماضی میں حج کے لیے محرم کے ساتھ ہونے کی شرط ختم کر دی گئی ہے جس سے خواتین کو بڑی سہولت حاصل ہو گی۔

ڈاکٹر عبدالفتاح نے مزید بتایا کہ مشاعر مقدسہ میں حاجیوں کے لیے لگائے خیموں میں بھی سماجی فاصلے کو ممکن بنایا جائے گا۔ ایک خیمے میں صرف 4 عازمین کو قیام کی اجازت ہو گی۔ جبکہ حج کے تمام مناسک کے دوران دو عازمین کے درمیان کم از کم ڈھائی میٹر کے سماجی فاصلے کی پابندی کو ممکن بنایا جائے گا۔ جو خواتین بغیر محرم کے حج کے لیے درخواست دیں گی، انہیں منظوری ملنے کے بعد خواتین عازمین کے گروپ میں شامل کیا جائے گا۔

مشاعر مقدسہ میں کسی عازمِ حج کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کی صورت میں اس کے لیے قرنطینہ کا خصوصی انتظام کیا گیا ہے۔ ڈاکٹر عبدالفتاح نے حج کی خواہش رکھنے والوں کا آگاہ کیا کہ اگر ان کی درخواست حج کے لیے منظور ہو جاتی ہے تو ایسی صورت میں انہیں 3 گھنٹے کے اندر منتخب کردہ حج پیکیج کی فیس ادا کرنی ہو گی، ورنہ ان کا نام حج کے لیے منتخب افراد کی فہرست سے نکال دیا جائے گا۔واضح رہے کہ جو لوگ اس بار حج کے خواہش مند ہیں وہ اپنی درخواستیں وزارت حج و عمرہ کی ویب سائٹ پر 23 جون کی رات 12 بجے تک جمع کروا سکتے ہیں۔ اس کے بعد کوئی درخواست وصول نہیں کی جائے گی۔ وزارت حج کے مطابق اس بار کورونا پوروٹوکولز کی وجہ سے حج پیکیج ماضی کے مقابلے میں مہنگے ہوں گے۔