نیو وحدت کالونی کے کواٹروں کو گزشتہ دو ماہ سے پینے کا پانی واسا قاسم آباد کی طرف سے بند کرکے علاقے کو کربلا بنا دیا

منگل 15 جون 2021 22:59

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 جون2021ء) نیو وحدت کالونی کے کواٹروں کو گزشتہ دو ماہ سے پینے کا پانی واسا قاسم آباد کی طرف سے بند کرکے علاقے کو کربلا بنا دیا گیا ہے، کئی گھروں میں تو گٹروں کا ملا پانی آتا ہے، ایکس ا ی این واسا قاسم آباد کو مسلسل پانی کی سپلائی بندکی شکایت کی گئی تھی لیکن ایکس ای این قاسم آباد نے کوئی توجہ نہیں دی۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار نیو وحدت کالونی ایکشن کمیٹی کے چیئرمین شاہد سومرو، وائس چیئرمین مولا بخش مری اور نظام دین سومرو نے کالونی میں احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کیا، انہوں نے بلدیات وزیر سید ناصر شاہ، ڈی جی ایچ ڈی اے غلام محمد قائم خانی، ایم ڈی واسا زاہد کھمیٹیو سے اپیل کی کہ نیو وحدت کالونی میں پینے کے پانی کی بندش فوری طور ختم کرائیں ورنہ پانی کی سپلائی کی بحالی تک یہاں کے مکین احتجاج جاری رکھیں گے، انہوں نے کہا کہ قیامت جیسی گرمی میں پانی کی بندش سے علاقہ میں قحط کی صورتحال پیدا ہوچکی ہے، سرکاری ملازمین کے کواٹروں میں پانی بند ہونے کے خلاف مسلسل احتجاج کر رہے ہیں لیکن واسا انتظامیہ پانی کی فراہمی کو بحال کرنے کو تیار نہیں، انہوں نے کہا کہ ایکس ای این قاسم آباد پینے کے پانی کا جائز مسئلہ حل کرنے میں ناکام ہو چکے ہیں کالونی کے مکین اس وقت پانی کی بوند بوند کو ترس گئے ہیں، کالونی میں پینے کے پانی کا بحران بڑھتا جا رہا ہے۔