آئی جی پنجاب سے فورس کمانڈراے این ایف پنجاب، کی سربراہی میں آئے تین رکنی وفد کی ملاقات

چوہنگ ، سہالہ اور ملتان کے ٹریننگ کالجز میں اے این ایف ماہرین کاایک خصوصی لیکچر ٹریننگ کا حصہ ہونا چاہئے‘ آئی جی پنجاب صوبہ بھر میںاے این ایف اور پنجاب پولیس کے مشترکہ آپریشنز کی کامیابیوں کے پیش نظر انہیں مستقبل میں بھی جاری رکھا جائے‘انعام غنی

جمعرات 17 جون 2021 20:07

آئی جی پنجاب سے فورس کمانڈراے این ایف پنجاب، کی سربراہی میں آئے تین ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 جون2021ء) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب انعام غنی نے کہا ہے کہ معاشرے سے منشیات فروشوں کے مستقل خاتمے کو یقینی بنا کر نوجوان نسل کے مستقبل کو محفوظ بنانا پنجاب پولیس کی اولین ترجیحات میں شامل ہے لہذا صوبہ بھر میںاے این ایف اور پنجاب پولیس کے مشترکہ آپریشنز کی کامیابیوں کے پیش نظر انہیں مستقبل میں بھی جاری رکھا جائے تاکہ بڑے مگر مچھوں کے ساتھ ساتھ چھوٹے اسمگلروں کے صفائے میں کوئی کسر باقی نہ رہے۔

انہوں نے مزیدکہاکہ صوبہ بھر میں اے این ایف ٹیموں کو آپریشنز کے دوران نفری یا پولیس وسائل کے حوالے سے کوئی بھی معاونت درکار ہے تو اسے ترجیحی بنیادوں پر یقینی بنایا جائے اورہائی پروفائل آپریشنز کے دوران ایلیٹ فورس کی ٹیمیں بھی انسداد منشیات آپریشنز کیلئے مہیا کی جائیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزیدکہاکہ خیبر پختونخواہ ، سندھ اور گلگت بلتستان پولیس کی طرز پر ڈی آئی جی آئی ٹی ،پنجاب پولیس کے آئی ٹی پراجیکٹس کی اے این ایف کے ساتھ شئیرنگ بارے تفصیلی میٹنگ کریںتاکہ جدید پولیسنگ اور سرویلنس کے ڈیزائن کردہ ان جدید پراجیکٹس سے وہ بھی مستفید ہوسکیں ۔

انہوں نے مزیدکہاکہ پولیس ٹریننگ کالج چوہنگ ، سہالہ اور ملتان میںاے این ایف ماہرین کاایک خصوصی لیکچر ٹریننگ کا حصہ ہونا چاہئے تاکہ زیر تربیت افسران واہلکار انسدادمنشیات کے حوالے سے اے این ایف کے تجربات سے آگاہ ہوکر فیلڈ میں آکر بہتر اندازمیں اپنی ذمہ دارایاں ادا کرسکیں ۔ انہوںنے مزیدکہاکہ تعلیمی اداروں اورطلبا ہاسٹلز کے گردونواح میں روزانہ کی بنیاد پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز پر خاص توجہ ہونی چاہئے تاکہ نوجوان نسل کو آئس سمیت دیگر فیشن ایبل ڈرگز کی جانب راغب کرنے اور سپلائی دینے والے معاشرتی ناسوروںکا قلع قمع کرتے ہوئے انہیں پابند سلاسل کیا جائے ۔

انہوں نے مزیدکہاکہ اے این ایف کے اشتہاری ملزمان کی گرفتاری میں پولیس ٹیمیںصوبے بھر میں اے این ایف کو بھرپور معاونت فراہم کریںتاکہ اس مکروہ دھندے میںملوث ملزمان قانون کی گرفت میں لا کر اس برائی کے خاتمے میں کوئی کسر نہ اٹھا رکھی جائے۔ انہوںنے مزیدکہاکہ منشیات کے 9سی کے مقدمات کے ملزمان کی تمام تر تفصیلات اے این ایف کے ساتھ شئیرکی جائیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوںنے سنٹرل پولیس آفس میں اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف)کے تین رکنی وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔ فورس کمانڈر اے این ایف برگیڈئیر راشد منہاس ، کی قیادت میں آئے وفد میںڈپٹی ڈائریکٹر آپریشنز میجر وقار اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر ہارون شامل تھے ۔ دوران ملاقات برگیڈئیر راشد منہاس ، فورس کمانڈر اے این ایف پنجاب نے منشیات کیسز کے چالان کی تیاری میں پنجاب پولیس کے تفتیشی افسران کی مہارت کو سراہتے ہوئے کہاکہ منشیات فروشی اور اسمگلنگ کے خاتمے پنجاب پولیس کی کاروائیاں اور تعاون بھی قابل ستائش ہیں ۔

انہوں نے پنجاب پولیس کے آئی ٹی پراجیکٹس کا ذکر کرتے ہوئے کہاکہ بلا شبہ آئی ٹی کے استعمال میںپنجاب پولیس ملک کی نمبر ون پولیس فورس ہے اور پنجاب پولیس کے پبلک سروس ڈلیوری اور جنرل پولیسنگ کے جدید سافٹ وئیرز اور پروگرام عالمی معیار کے ہم پلہ ہیں ۔ انہوںنے مزیدکہاکہANFکے کیسز میںملزمان کے بری ہونے کی وجوہات پنجاب پولیس کے ساتھ شئیر کی جائیگی تاکہ پولیس کے تفتیشی افسران کو چالان تیاری میں مددگار ثابت ہوسکیں۔

آئی جی پنجاب نے مزیدکہاکہ معاشرے سے منشیات کے مستقل خاتمے کیلئے صوبے کے تمام اضلاع میں پولیس ٹیمیںنہ صرف ہمہ وقت مصروف عمل ہیں لیکن اس کے ساتھ ساتھ قانون نافذ کرنے والے اداروں کا باہمی تعاون بھی وقت کی اہم ضرورت ہے ۔ اس موقع پر ایڈیشنل آئی جی آپریشنز صاحبزادہ شہزاد سلطان، ڈی آئی جی آر اینڈ ڈی شاہد جاوید ، ڈی آئی جی آئی ٹی وقاص نذیر، ڈی آئی جی آپریشنز سہیل اختر سکھیرا اور ڈی آئی جی کرائمز اینڈ انویسٹی گیشن احمد نواز چیمہ موجو د تھے۔