پاکستان میں ہوپ کنسورشیم کرونا ویکسینز فراہم کرے گا

جمعہ 18 جون 2021 15:59

پاکستان میں ہوپ کنسورشیم کرونا ویکسینز فراہم کرے گا
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جون2021ء) ابوظہبی گروپ کے ہوپ کنسورشیم نے ملک بھر میں پائیدار انداز سے مختلف اداروں کی تیارکردہ کرونا ویکسینز کی فراہمی کا اعلان کیا ہے تاکہ ملک بھر میں ویکسینز کی مسلسل دستیابی کو یقینی بنایا جاسکے۔ منتخب صحافیوں سے ورچوئل پریس راؤنڈ ٹیبل میں گفتگو کرتے ہوئے ابوظہبی کے شعبہ صحت کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر عمر نجم نے کہاکہ ہوپ کنسورشیم قومی سطح پر ویکسینیشن پروگرام کے لئے پاکستانی حکام کے ساتھ کام کررہا ہے تاکہ ویکسینیشن مراکز تک ویکسینز کی دستیابی کو یقینی بنایا جائے۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان کا کویکس کے ساتھ معاہدہ ہے، یہ عالمی ادارہ دنیا کے متعدد ممالک میں مختلف برانڈز کی ویکسینز کی خریداری کے ذریعے ویکسینز کی مساوی طور پر رسائی لارہا ہے۔

(جاری ہے)

ہوپ کنسورشیم پلگز ان کے ساتھ ہم ملک میں کسی بھی مقام پر مینوفیکچرنگ کمپنیوں سے ویکسینز کی بروقت فراہمی کو یقینی بنائیں گے۔پاکستان کے متعدد شہروں میں اس وقت ویکسینز کی قلت ہے کیونکہ عوام بے تابی سے کرونا سے بچاؤ کی ویکسین لگوا نے بڑے اسپتالوں اور ویکسینینیشن مراکز آرہے ہیں۔

ملک میں اب تک 2 کروڑ سے زائد ویکسیینز لگائی جاچکی ہیں اور ایک منظم منصوبے کے مطابق جولائی 2022 تک 10 کروڑ سے زائد افراد کی ویکسنیشنین کی جاچکی ہوگی۔ ویکسینیشن مراکز میں ویکسینز کی فراہمی میں قلت کی وجوہات میں ویکسی نیشن عمل میں ٹریکنگ کی کمی، اسٹوریج کی محدود سہولت، اور مختلف شعبوں کے درمیان کمزور رابطوں کو شامل کیا جاسکتا ہے۔ ابوظہبی پورٹس لاجسٹکس کلسٹرز کے سربراہ رابرٹ سوتن نے کہا کہ چاہے ترقی یافتہ ملک ہوں یاغیرترقی یافتہ ممالک ہو وہاں درجہ حرارت، ڈسٹری بیوشن، گنجائش اور اسٹوریج جیسے عام مسائل ہیں۔

انہوں نے کہاکہ ہوپ پاکستان میں پارٹنرز کے ساتھ ویکسینز کا نظام قائم کرنے کیلئے کام کرے گا جن میں مرکزی اسٹوریج سسٹمز سے لیکر ڈیجیٹل سپلائی چین کی سہولیات کی صلاحیت کے ساتھ عملی سہولت کے نظام کی فراہمی شامل ہے۔ یہ گروپ میڈیکل اسٹاف بشمول ڈاکٹروں اور نرسز کو ویکسینز کے ساتھ ساتھ طبی سامان اور پی پی ایز فراہم کرسکتا ہے۔ اس خطے میں 2 ارب ویکسینز کی ضرورت ہے لیکن انکی اسٹوریج کرنے کی صلاحیت ہزاروں میں ہے۔

یہاں ہوپ کنسورشیم متعین قیمت پر بروقت فراہمی یقینی بنا کر تکنیکی تعاون پیش کرے گا۔ اسکا کردار یہ ہے کہ مقامی اور عالمی پارٹنرز کے اشتراک سے ویکسینز کی مسلسل سپلائی چین کو یقینی بنایا جائے۔ پاکستان سمیت دنیا کے مختلف ممالک میں جغرافیہ، درجہ حرارت، حجم اور رسائی کے چیلنجز کا سامنا ہے۔ ہمیں دور دراز علاقوں کی آبادیوں میں جاکر اس بات کو یقینی بنانے کی ضرورت ہے کہ ہر شخص کو ویکسین لگ چکی ہو اور یہ کام اکیلے کرنے کے بجائے اشتراک سے سرانجام دیا جاسکتا ہے۔

ہوپ کنسورشیم اب تک مینا ریجن، ایشیاء، افریقہ، یورپ سمیت 31 ممالک میں 2 کروڑ 70 لاکھ سے زائد ویکسینز کی ہینڈلنگ میں سہولت فراہم کرچکا ہے۔ دیگر مقررین کی جانب سے تیزرفتاری سے ویکسینیشن کی مہم کے لئے دستیاب جدید سسٹم اور ٹیکنالوجی کے استعمال کے ذریعے محفوظ ایمیونائزیشن کی اہمیت کو بھی اجاگر کیا۔ ملک میں مختلف ڈونرز سے ویکسیینز جلد پہنچنے کا امکان ہے تاہم ملک گیر سطح پر مرکزی نظام وضع کرنا ناگزیر ہے جس سے نہ صرف ویکسینیشن کے خصوصی مراکز میں ویکسینز کی فراہمی یقینی ہوگی بلکہ ویکسینیشن کا عمل بھی تیز ہوگا۔