وفاق کے زرعی شعبے کی ترقی کے دعوے جھوٹ کا پلندہ ہیں،اسماعیل راہو

اگر پنجاب میں گزشتہ سال سے 15 لاکھ ٹن گندم زائد پیدا ہوئی ہے تو آٹا مہنگا کیوں ہوا،وزیرزراعت سندھ

جمعہ 18 جون 2021 17:52

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جون2021ء) سندھ حکومت نے وفاق کے گندم کے متعلق اعداد شمار کو جعلی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وفاق کے زرعی شعبے کی ترقی کے دعوے جھوٹ کا پلندہ ہیں۔صوبائی وزیرزراعت محمد اسماعیل راہو نے اپنے جاری بیان میں کہا کہ جعلی حکومت گندم کے جعلی اعداد شمار بتاکر قوم کو گمراہ کررہی ہے۔اگر پنجاب میں گزشتہ سال سے 15 لاکھ ٹن گندم زائد پیدا ہوئی ہے تو آٹا مہنگا کیوں ہوا۔

حکومتی رکارڈ پیداوار کے اعلان کی قلعی تو اقتصادی رابطہ کمیٹی نے ہی کھول دی۔اسماعیل راہو نے وفاق سے سوال کیا کہ اگر ملک میں گندم کی ریکارڈ پیداوار ہوئی ہے تو 17 جون کو ای سی سی نے 30 لاکھ ٹن گندم امپورٹ کی اجازت کیوں دی ، بتایا جائے کہ کس کو فائدہ پہنچانے کیلیے باہر سے گندم منگوائی جارہی ہی. صوبائی وزیر نے کہا کہ وفاق نے پنجاب کے کاشتکاروں سے زبردستی 1800 میں گندم خریدی اور اب 22 سو سے زائد فی من کے حساب سے منگوارہی ہے۔

(جاری ہے)

یہ فائدہ ملکی کاشتکار کو کیوں نہ دیاگیا اسماعیل راہو نے کہا کہ نہ آٹا سستا ہوا اور نہ گندم کی درآمد بند ہوئی تو ریکارڈ پیدوار کہاں گئی, وفاقی حکومت جان بوجھ کر ملک میں گندم بحران پیدا کرکے باہر سے منگواکر اے ٹی ایمز مافیا کو فائدہ پہنچا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ نالائق حکمرانوں نے اپنی غلط پالیسیوں سے انڈسٹری کے ساتھ ساتھ اس ملک کے کسانوں کابھی دیوالیہ نکال دیا ہے۔ریکارڈ گندم پیداوار کا دعویٰ کرنے والوں کے صوبے پنجاب میں آٹا ناپید ہوچکا ہے۔