شاہ محمود قریشی کی افغان ہم منصب سے ملاقات ،دو طرفہ تعلقات ،افغان امن عمل پر گفتگو

افغانستان سے متعلقہ تمام فریقین کو مل بیٹھ کر، افغان مسئلے کے جامع سیاسی حل کی راہ ہموار کرنا ہو گی ،مخدوم شاہ محمود قریشی

ہفتہ 19 جون 2021 20:14

شاہ محمود قریشی کی افغان ہم منصب سے ملاقات ،دو طرفہ تعلقات ،افغان امن ..
انقرہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 جون2021ء) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے ترکی میں جاری انطالیہ سفارتی فورم کے موقع پر افغان ہم منصب محمد حنیف آتمر کیساتھ ملاقات کی جس میں دو طرفہ تعلقات ،افغان امن عمل سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ شاہ محمود قریشی نے کہاکہ پاکستان اور افغانستان کے مابین عقیدے، تاریخ اور تہذیبی یکسانیت کی بنیاد پر، گہرے تاریخی برادرانہ تعلقات ہیں ۔

انہوںنے کہاکہ پاکستان، افغانستان کے ساتھ باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں دو طرفہ تعاون کے فروغ کا متمنی ہے۔مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہاکہ افغانستان سے متعلقہ تمام فریقین کو مل بیٹھ کر، افغان مسئلے کے جامع سیاسی حل کی راہ ہموار کرنا ہو گی - مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہاکہ افغانستان میں امن کا قیام ، خطے کی تعمیر و ترقی، خوشحالی اور روابط کے فروغ کیلئے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔

(جاری ہے)

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے الزامات پر مبنی، منفی بیانیے کی تشہیر کو افغان امن عمل کی کامیابی کیلئے خطرہ قرار دیتے ہوئے، سفارتی ذرائع استعمال کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوںنے کہاکہ دو طرفہ امور پر تبادلہ خیال اور غور و خوض کیلئے ہمارے پاس طے شدہ میکانزم اپیپس کی صورت میں موجود ہے جس سے مستفید ہونے کی ضرورت ہے - وزیر خارجہ نے افغان ہم منصب کو دورہ پاکستان کی دعوت دی جسے انہوں نے شکریہ کے ساتھ کے ساتھ قبول کرتے ہوئے جلد پاکستان آنے کا عندیہ دیا