حکومت ٹرانسپورٹ کے شعبے کو بھی صنعت کا درجہ دے‘گڈزٹرانسپورٹرز

صنعت کا درجہ ملنے کے بعد اس شعبے میں روزگار کے بیشمار مواقع پیدا ہوسکیں گے

اتوار 20 جون 2021 12:10

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 جون2021ء) آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اونرز ایسوسی ایشن کے مرکزی رہنما محمد اویس چوہدری ایڈووکیٹ نے کہاہے کہ جس طرح تعمیرات کے شعبے کو صنعت کا درجہ دے کر زبوں حالی کا شکارمعیشت کو سنبھالا دیا گیا ہے اورتعمیرات کے شعبے سے جڑی تقریباً پچاس صنعتوں میں روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوئے ہیں اسی طرح گڈز ٹرانسپورٹ کے شعبے کو بھی صنعت کا درجہ دے کر پاکستان کے گڈز ٹرانسپورٹ کے شعبے کو بین الاقوامی معیار پر لایا جاسکتا ہے ۔

اپنے بیان میں انہوںنے کہا کہ اس اقدام سے پرانے اور غیر معیاری گڈزٹرانسپورٹ کی جگہ نئے اور بین الاقوامی معیار کے ماحول دوست ٹرکس اور ٹرالرز کو بار برداری کے لئے استعمال کیا جاسکے گا، صنعت کا درجہ ملنے کے بعد اس شعبے میں روزگار کے بیشمار مواقع پیدا ہوسکیں گے جس سے ملک میں بیک وقت غربت اور ماحولیاتی آلودگی کا خاتمہ کرنے میں بڑی مدد ملے گی اور ٹرانسپورٹ سے جڑی کئی صنعتیں بھی فعال ہوجائیں گی ۔

(جاری ہے)

اس فیصلے سے ٹرک اسمبلنگ کرنے کی صنعت ،آٹو پارٹس ، بیٹریز ،ٹائر ،شیشہ سازی سمیت دیگر کئی صنعتوںکے فعال ہونے سے نہ صرف روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے بلکہ ملکی معیشت میں ناقابل یقین حد تک بہتری لائی جاسکتی ہے ۔ انہوںنے کہا کہ ہم امید کرتے ہیں کہ وزیر اعظم ملک کے سب سے زیادہ ٹیکس ادا کرنے والے ٹرانسپورٹ کے شعبے کو صنعت کا درجہ دیکر ملکی معیشت میں انقلابی ترقی کی نئی راہیں کھولیں گے۔

متعلقہ عنوان :