پاکستان سمیت دنیابھرمیںعالمی یومِ ہائیڈروگرافی آج منایاجائے گا

عالمی یومِ ہائیڈروگرافی پر چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی کا پیغام

اتوار 20 جون 2021 20:10

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 جون2021ء) عالمی یومِ ہائیڈروگرافی پوری دنیا میں 21 جون کو منایا جاتا ہے تاکہ کھلے سمندروں اور بندرگاہوں میں محفوظ جہاز رانی کو ممکن بنانے کے لئے ہائیڈروگرافی کے شعبے میں کئے گئے کام کو سراہا جاسکے۔ بین الاقوامی ادارہ برائے ہائیڈروگرافی کی جانب سے اس دن کے لیے ہر سال ایک مخصوص موضوع مختص کیا جاتا ہے جو کہ عالمی بحری معاملات میں ہائیڈروگرافی کے کام سے متعلق ہوتا ہے۔

اس سال کے عالمی یومِ ہائیڈروگرافی کاموضوع‘‘ہائیڈروگرافی میں بین الاقوامی تعاون کے سو سال'' ہے۔ اس موضوع کا مقصد پچھلے سو سالوں میں اس شعبے کے علم اور ٹیکنالوجی میں ہونے والے اضافے پر روشنی ڈالنا اور 1921 میں بین الاقوامی بیورو برائے ہائیڈروگرافی کے قیام کے سو سال کو منانا ہے۔

(جاری ہے)

اس دن کو منانے کا بنیادی مقصد ہائیڈروگرافی کی اہمیت کو اجاگر کرنا ہے جس کے تحت سمندر سے متعلق تمام سرگرمیاں بشمول محفوظ جہاز رانی، معاشی ترقی، سیکیورٹی و دفاع، ماحولیاتی تحفظ، بندرگاہوں اور ہاربر کی تعمیر، ساحلی علاقوں کی مینجمنٹ، بحری سرحدوں کی حد بندی و دیگر امور شامل ہیں۔

دیگر ساحلی ممالک کی طرح پاکستان بھی اپنی سمندری حدود کے ہائیڈروگرافک سروے اور ناٹیکل چارٹس اور نقشے بنانے کا ذمہ دار ہے تاکہ جہاز رانوں کو درست ناٹیکل معلومات فراہم کی جاسکیں۔ پاکستان کی جانب سے یہ بین الاقوامی ذمہ داری پاکستان ہائیڈروگرافک ڈیپارٹمنٹ (PNHD) پوری کرتا ہے۔ پاکستان کے پاس مخصوص معاشی زون (EEZ)میں دو لاکھ 40 ہزار مربع کلومیٹر کا سمندری علاقہ آتا ہے جب کہ ایک ہزار کلومیٹر سے زائد کی ساحلی پٹی ہے۔

2015 میں PNHDنے دیگر متعلقہ محکموں کے ساتھ مل کر اقوام متحدہ کے متعلقہ کمیشن سے اضافی 50 ہزار مربع کلومیٹر کا رقبہ حاصل کیا تھا۔ PNHD کی ایک بڑی کامیابی کوسٹل سروے اور پاکستان کے ساحل کا مکمل چارٹ بنانا ہے۔ یہ عمل دہائیوں پر محیط تھا۔ اس ڈیپارٹمنٹ نے ساحلی پٹی پر قومی بندرگاہوں اور دیگر بحری انفراسٹرکچر کی تعمیر میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

2019 میں، پاک بحریہ میں ایک نئے سروے شپ ''پی این ایس بحرِ مساح'' کو شامل کیا گیا جس پر جدیدترین تحقیقی آلات نصب ہیں۔ اس جہاز کی شمولیت سے قومی سروے کی صلاحیت میں خاطر خواہ اضافہ ہوا ہے۔ نئی شامل ہونے والی یہ ٹیکنالوجی ساحل پر موجود سی پیک کے انفراسٹرکچر لے لئے بھی معاون ثابت ہوگی اور سی پیک میں شامل بحری علاقے کو جہاز رانی کے لئے محفوظ بنانے میں بھی اپنا کردار ادا کرے گی۔

پاک بحریہ ہر سال یہ دن مناتی ہے تاکہ بحری سرگرمیوں میں ہائیڈروگرافی کی اہمیت کو اجاگر کیا جاسکے جو کہ ہماری قومی معیشت میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔ میں تمام میری ٹائم اسٹیک ہولڈرز سے گزارش کرتا ہوں کہ ہائیڈروگرافی اور اس سے متعلق سرگرمیوں کی آگہی کے لئے مشترکہ کوششیں کریں۔ اس سے بحری ذخائر کے استعمال اور تجارت کو فروغ حاصل ہوگا جوکہ قومی معیشت کی بہتری اور پائیدار سمندروں کے قیام کو ممکن بنائے گا۔پاکستان نیوی زندہ باد۔ پاکستان پائندہ باد