وزیراعلی بلوچستان جام کمال خان سے حکومتی و اتحادی جماعتوں کے اراکین کی ملاقات

اتوار 20 جون 2021 23:20

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 جون2021ء) وزیراعلی بلوچستان جام کمال خان سے حکومتی و اتحادی جماعتوں کے اراکین نے یہاں وزیراعلی ہاؤس میں اتوار کے روز ملاقات کی۔ ملاقات میں گزشتہ چند دنوں اور خاص طور پر بجٹ سیشن کے موقع پر اپوزیشن کی جانب سے ہنگامی آرائی سمیت دیگر اہم سیاسی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر اتحادی جماعتوں کے پارلیمانی لیڈرز نے بجٹ سیشن کے موقع پر اسمبلی میں رونما ہونے والے واقعے پر شدید تحفظات کا اظہار کیا۔

اتحادی ارکان نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن کے اس رویے سے پورے ایوان کا استحقاق مجروح ہوا ہے۔ حکومتی و اتحادی جماعتوں کے ارکان کی جانب سے اسپیکر بلوچستان اسمبلی کی جانب سے بلاے گے پارلیمانی لیڈرز کے اجلاس میں احتجاجاً شرکت نہ کرنے پر اتفاق کیا گیا ارکان نے کہا کہ ہم صوبے کی روایات کے امین ہیں ان روایات کو کسی صورت پامال ہونے نہیں دیں گے۔

(جاری ہے)

اتحادی ارکان اسمبلی میں پیش آنے والے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا اگر اسپیکر اپنا کردار بہتر اور ذمہ دارانہ انداز میں ادا کرتے تو یہ نوبت کبھی نہیں آتی۔ اسپیکر اسمبلی اور اسمبلی حکام کے غیر ذمہ دارانہ رویہ اور طرز عمل کی وجہ سے یہ صورتحال پیدا ہوئی۔ اس عمل سے نہ صرف بجٹ سیشن متاثر ہوا بلکہ اسمبلی کا تقدس بھی پامال ہوا۔

اس موقع پر وزیراعلی نے اتحادی ارکان کے تحفظات غور سے سنے اور کہا کہ پارلیمنٹ کی بالادستی ہم سب کی مشترکہ ذمداری ہے۔ بلوچستان کی تاریخ میں ایسا واقع رونما نہیں ہوا۔ اس واقعے کی ہم سب شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جس ایوان پر ہم سب کو فخر ہے اس کے تقدس کو اپوزیشن نے پامال کیا۔ وزیراعلی بلوچستان نے اتحادی جماعتوں کے پارلیمانی لیڈرز کو یقین دلایا کہ وہ اس معاملے کو بلوچستان عوامی پارٹی کی سطح پر بھی اٹھائیں گے۔