سوشل میڈیا پر گستاخانہ مواد کی تشہیر کیخلاف درخواست ، عدالت کی پی ٹی اے کو دو ہفتوں میں تفصیلی رپورٹ جمع کرنے کی ہدایت

یوٹیوب، فیس بک اور ٹویٹر سمیت دیگر سوشل میڈیا گستاخانہ مواد کی تشہیر روکنے کے لیے تعاون نہیں کررہے، پی ٹی اے کا بیان

منگل 22 جون 2021 15:24

سوشل میڈیا پر گستاخانہ مواد کی تشہیر کیخلاف درخواست ، عدالت کی پی ٹی ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جون2021ء) اسلام آباد ہائی کورٹ نے سوشل میڈیا پر گستاخانہ مواد کی تشہیر کیخلاف درخواست پر پی ٹی اے کو دو ہفتوں میں تفصیلی رپورٹ جمع کرنے کی ہدایت کی ہے ۔ منگل کو اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس عامر فاروق نے کیس کی سماعت کی ۔ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے اور ڈی جی پی ٹی اے عدالت میں پیش ہوئے ۔

عدالت نیھ پی ٹی اے کو دو ہفتوں میں تفصیلی رپورٹ جمع کرنے کی ہدایت کی ۔ عدالت نے استفسار کیاکہ گستاخانہ مواد کی تشہیر کے خلاف ایف آئی اے نے اب تک کیا کارروائی کی ۔ عدالت نے کہاکہ پی ٹی اے گستاخانہ مواد کی تشہیر روکنے کے لئے خلاف سخت اقدامات اٹھائے، گستاخانہ مواد کی تشہیر میں ملوث مجرمان کے خلاف قانون کے مطابق کاروائی کی جائے۔

(جاری ہے)

جسٹس عامر فاروق نے کہاکہ اظہار رائے سے متعلق مغرب کا ہمیشہ سے دوہرا معیار رہا ہے، اپنے مذہب اور مقدس ہستیوں کی توہین کسی صورت برداشت نہیں کر سکتے۔

اے ڈی جی ایف آئی اے نے کہاکہ گستاخانہ مواد کی تشہیر کے حوالے سے اب تک بیس سے زائد درخواستیں موصول ہوئی ہیں، 6 درخواستوں پر ایف آئی اے اسلام آباد اور سات درخواستوں پر ایف آئی اے راولپنڈی میں انکوائری جاری ہے۔ انہوںنے کہاکہ سوشل میڈیا پر گستاخانہ مواد کی تشہیر کو روکنے کے لیے اقدامات کررہے ہیں۔ پی ٹی اے نے کہاکہ یوٹیوب، فیس بک اور ٹویٹر سمیت دیگر سوشل میڈیا گستاخانہ مواد کی تشہیر روکنے کے لیے تعاون نہیں کررہے۔پی ٹی اے نے کہاکہ وزارت خارجہ کو گستاخانہ مواد کی تشہیر روکنے کے لیے عالمی سطح پر اقدامات کرنے کے لئے خط لکھا ہے۔عدالت نے کیس کی مزید سماعت 23 جولائی تک کے لئے ملتوی کردی۔