بلاول زرداری بچے ہیں انہیں معاملات کا علم نہیں، علی زیدی

آصف علی زرداری کیا سرپرائز دیں گے ، آئندہ انتخابات میں سندھ حکومت چلی جائے گی

بدھ 23 جون 2021 16:54

بلاول زرداری بچے ہیں انہیں معاملات کا علم نہیں، علی زیدی
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جون2021ء) وفاقی وزیر بحری امور علی زیدی نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری بچے ہیں انہیں معاملات کا علم نہیں ہے۔ایک انٹرویومیں وفاقی وزیر بحری امور علی زیدی نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کی آپس میں ملاقاتیں ہوتی رہی ہیں اور ملاقاتیں اچھی بات ہے ان سیاسی جماعتوں کی ملاقاتوں کو کنٹرول نہیں کرسکتے۔

انہوں نے کہا کہ سابق صدر آصف علی زرداری کیا سرپرائز دیں گے وہ خود سرپرائز ہوں گے، سندھ میں ان کی حکومت ختم ہو گی اور آئندہ انتخابات میں سندھ حکومت چلی جائے گی۔وفاقی وزیر نے کہا کہ سندھ میں پیپلز پارٹی حکومت ناکام ہو چکی ہے،کراچی میں پورٹ کے معاملات پر سوال مجھ سے ہوں گے مراد علی شاہ سے نہیں۔ سندھ میں پانی، کچرا اورسب کچھ چوری ہوتا ہے کیا کرسکتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری بچے ہیں انہوں نے کمائی کی اور نہ ہی معاملات کا علم ہے۔ کے فور منصبوبہ 18ویں ترمیم کے بعد صوبے کا کام تھا لیکن وفاق کر رہا ہے۔علی زیدی نے کہا کہ سندھ میں بیشترمنصوبے صوبے کے اختیار میں آگئے ہیں لیکن اب بھی ان پر وفاق کام کر رہا ہے۔ این ڈی ایم اے اور ایف ڈبلیو وفاقی ادارے ہیں لیکن کراچی میں نالوں کی صفائی کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سندھ میں ریلوے ٹریک پر بڑی بڑی عمارتیں پہلے سے تعمیر نہیں ہوئیں، کراچی میں زمینیں لے کر لیز پر دی جاتی تھیں اور کوئی پوچھنے والا نہیں تھا۔وفاقی وزیر بحری امور نے کہا کہ میں نے کبھی کسی کو سیاسی انتقام کا نشانہ نہیں بنایا جبکہ کراچی میں سیوریج نظام سے لے کر دیگر کام وزارت بحری امور کروا رہی ہے۔ کے پی ٹی سے متعلق بہت لوگ ناراض بھی ہو گئے ہیں۔