پرویزالٰہی کی سربراہی میں سپیشل کمیٹی کی میٹنگ میں سینئر افسران کی ریسکیو 1122 کے قانون پر عملدرآمد نہ کرنیکی تحریری وضاحت پیش

وضاحت تسلی بخش ہے، محکمہ قانون کے ساتھ مل کر ایکٹ کے مطابق خودمختار محکمہ کے رولز بھی فوری بنائے جائیں‘سپیکر پنجاب اسمبلی

بدھ 23 جون 2021 23:48

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جون2021ء) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی کی زیر صدارت پنجاب اسمبلی میں سپیشل کمیٹی نمبر 13 کا اجلاس منعقد ہوا جس میں وزیر قانون محمد بشارت راجہ، ارکان اسمبلی ملک محمد احمد خان، ساجد احمد خان، ملک احمد علی اولکھ، ملک ندیم کامران، سید عثمان محمود، نوابزادہ وسیم خان، میاں شفیع محمد، ملک جمشیدالطاف، مس سونیا، سیکرٹری پنجاب اسمبلی محمد خان بھٹی اور ڈی جی پارلیمانی امور عنایت اللہ لک نے شرکت کی۔

اجلاس میں پنجاب اسمبلی سے 1122 کا قانون پاس ہونے کے باوجود اس پر عملدرآمد نہ کرنے کے حوالہ سے تمام متعلقہ سینئر افسران نے تحریری وضاحت پیش کی جسے سپیکر چودھری پرویزالٰہی نے تسلی بخش قرار دیا۔ کمیٹی اجلاس میں متفقہ فیصلہ کیا گیا کہ محکمہ قانون کے ساتھ مل کر ایکٹ کے مطابق ریسکیو 1122 کے رولز تیار کر کے جلد از جلد کمیٹی میں پیش کیے جائیں جس پر کمیٹی نظر ثانی کرے گی۔

(جاری ہے)

ریسکیو 1122 کے قانون پر عملدرآمد نہ کیے جانے کے حوالے سے رکن اسمبلی ملک احمد خان کے استحقاق مجروح ہونے کا فیصلہ کمیٹی میٹنگ میں اتفاق رائے سے بعد میں کیا جائے گا۔ میٹنگ میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری ایس اینڈ جی اے ڈی، ایڈیشنل چیف سیکرٹری ہوم، سیکرٹری قانون، سیکرٹری ریگولیشن، ایڈیشنل سیکرٹری آئی اینڈ سی نے شرکت کی۔