شعبہ زراعت کی اہمیت کے پیش نظر حکومت اس کی ترقی پر بھر پور توجہ دے رہی ہے،محب اللہ

لفٹ کینال منصوبہ 11لاکھ ایکڑ اراضی کو سیراب کرے گااور اس کی بدولت خیبر پختونخوا کے جنوبی اضلاع میں زرعی انقلاب رونما ہوگا،وزیرزراعت خیبرپختونخوا

بدھ 23 جون 2021 23:48

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جون2021ء) خیبر پختونخوا کے وزیر زراعت ولائیو سٹاک محب اللہ خان نے کہاہے کہ شعبہ زراعت کی اہمیت کے پیش نظر حکومت اس کی ترقی پر بھر پور توجہ دے رہی ہے او لفٹ کینال کا منصوبہ اس کا واضح ثبوت ہے جس پر عنقریب کام کا آغاز کیا جائے گااور اس عظیم منصوبے کو سی پیک کے تحت پایہ تکمیل تک پہنچایا جا رہا ہے۔

محب اللہ خان نے کہا کہ یہ ایک میگا پراجیکٹ ہے جو زراعت کی ترقی میں انتہائی اہم کردار ادا کرے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز صوبائی اسمبلی کے فلور پر بجٹ اجلاس کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ لفٹ کینال منصوبہ 11لاکھ ایکڑ اراضی کو سیراب کرے گااور اس کی بدولت خیبر پختونخوا کے جنوبی اضلاع میں زرعی انقلاب رونما ہوگا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت نے بجٹ میں زراعت و لائیو سٹاک کے لئے بھاری رقوم مختص کی ہیںجن سے نہ صرف یہ شعبے فعال ہونگے بلکہ کسانوں اور زمینداروں کے مسائل بھی حل کرنے میں مدد ملے گی۔انہوںنے کہا کہ خیبر پختونخوا میں پھل اور سبزیاں وافر مقدار میں پیدا ہوتی ہیں اس لئے حکومت ان کی پیداوار میں مزید اضافہ کرنے کے لئے اقدامات اٹھا رہی ہے تاکہ صوبے کی معیشت مستحکم ہو اور عوام خوشحال ہوسکیں۔

صوبائی وزیر نے کہاکہ موجودہ صوبائی حکومت نے عوام کی امنگوں کے مطابق بہترین بجٹ پیش کیا ہے اور اس میںتعلیم اور صحت کے شعبہ جات کو ترقی سے ہمکنار کرنے پربہت زیادہ توجہ دی گئی ہے کیونکہ یہ انتہائی اہم ادارے ہیںاورعوام کو بنیادی اور ضروری سہولتیں فراہم کر رہے ہیں جن کے لئے حکومت نے سالانہ بجٹ میں کثیر رقوم مختص کی ہیں۔