افغانستان میں خانہ جنگی کے خطرات، طالبان نے مزید چھ اضلاع پر قبضہ کر لیا

صوبہ تاخر کے دو مختلف اضلاع میں جھڑپوں میں 34 افغان فوجی ہلاک ، تین ٹینک تباہ کر دیئے گئے،طالبان کا دعویٰ

جمعرات 24 جون 2021 15:42

کابل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 جون2021ء) امریکی فوجیوں کا انخلا، افغانستان میں طالبان کی پیش قدمی جاری ہے،طالبان نے مزید 6 اضلاع پر قبضہ کر لیا جن میں تین صوبوں فریاب، بغلان اور غزنی کے دو دو اضلاع شامل ہیں جبکہ طالبان نے دعویٰ کیا ہے کہ صوبہ تاخر کے دو مختلف اضلاع میں ہونے والی جھڑپوں میں 34 افغان فوجی ہلاک اور تین ٹینک تباہ کر دیئے گئے۔

(جاری ہے)

افغان میڈیا کے مطابق طالبان ذرائع نے بتایاکہ صوبہ تاخر کے دو مختلف اضلاع میں ہونے والی جھڑپوں میں 34 افغان فوجی ہلاک اور تین ٹینک تباہ کر دیئے گئے۔ طالبان نے قندوز کے اہم ضلع امام صاحب کی شیر خان بندر پورٹ کا کنڑول بھی حاصل کر لیا۔ بیرونی فوجوں کے انخلا کے آغاز کے بعد سے طالبان نے 40 سے زائد اضلاع پر قبضے کرنے کا دعوی کیا ہے۔ادھر روسی وزیر دفاع نے کہا کہ امریکا کے افغانستان سے نکلنے کے بعد خانہ جنگی شروع ہو جائے گی۔ پاکستان اور ایران کے تعاون کے بغیر افغان گروہوں کو متحد رکھنا ممکن نہیں۔