خواجہ آصف کو رہا کر دیا گیا ، ہرنیا کا آپریشن ہونے کی وجہ سے خواجہ آصف ہسپتال میں زیر علاج ہیں

سرکاری عملے نے ہسپتال جا کر ضابطے کی کارروائی مکمل کی ،لیگی رہنما ممکنہ طور پر دو سے تین روز ہسپتال میں رہیں گے

جمعرات 24 جون 2021 16:39

خواجہ آصف کو رہا کر دیا گیا ، ہرنیا کا آپریشن ہونے کی وجہ سے خواجہ آصف ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 جون2021ء) لاہور ہائیکورٹ سے ضمانت منظورہونے کے بعد مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما خواجہ محمد آصف کو رہا کر دیا گیا ، خواجہ آصف ہرنیا کا آپریشن ہونے کی وجہ سے جناح ہسپتال میں زیر علاج ہیں جس کے باعث ہسپتال میں ضابطے کی کارروائی مکمل کرنے کے بعد انہیں باضابطہ رہا کر دیا گیا تاہم وہ ممکنہ طور پر دو سے تین روز تک ہسپتال میں ہی زیر علاج رہیں گے۔

لاہور ہائیکورٹ کے دو رکنی بنچ نے بدھ کے روز خواجہ محمد آصف کی درخواست ضمانت منظور کرتے ہوئے انہیں رہا کرنے کا حکم دیتے ہوئے ایک کروڑ روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا تھا۔ گزشتہ روز ضمانتی مچلکے جمع کرانے کے بعد ان کی تصدیق کا مرحلہ مکمل ہونے پر ان کی رہائی کی روبکار جاری کی گئی اور عدالتی عملہ روبکار لے کر جناح ہسپتال پہنچا جہاں ضابطے کی کارروائی مکمل کر کے انہیں رہا کر دیا گیا ۔

(جاری ہے)

اس سے قبل خواجہ آصف کا میو ہسپتال میں آنکھوں کا آپریشن ہوا تھا اور ان دنوں وہ ہرنیا کی تکلیف کے باعث جناح ہسپتال میں زیر علاج ہیں اور ان کا آپریشن بھی کیا گیا ہے ۔بتایا گیا ہے کہ ڈاکٹروں نے انہیں دو سے تین روز زیر علاج رہنے کا مشورہ دیا ہے ۔یاد رہے کہ خواجہ آصف کو آمدن سے زائد اثاثہ جات اور منی لانڈرنگ کیس میں 29دسمبر کو گرفتار کیا گیا تھا اور انہیں پانچ ماہ 24روز بعد رہائی ملی ہے ۔