اداکارہ نادیہ حسین کی ملازمہ کو جھاڑ پلانے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل

جمعرات 1 جولائی 2021 17:48

اداکارہ نادیہ حسین کی ملازمہ کو جھاڑ پلانے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 جولائی2021ء) اداکارہ و ماڈل نادیہ حسین کی اپنی ملازمہ کو جھاڑ پلانے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے۔نادیہ حسین کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے جس میں وہ اپنی ملازمہ کو بہت بری طرح سے ڈانٹ رہی ہیں۔

ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ نادیہ حسین اپنی ملازمہ سے کہہ رہی ہیں کتنی بار تمہیں سمجھایا ہے کہ جب بجلی جھٹکے مارے تو پیچھے سے مین سوئچ آف کردیا کرو لیکن تم ہر وقت موبائل میں لگی رہتی ہو۔

نادیہ حسین ملازمہ کو ڈانٹتے ہوئے مزید کہہ رہی ہیں کہ مہینے میں دوسری بار میری مشین جلی ہے صرف تمہاری وجہ سے۔ اس کے علاوہ نادیہ اپنی ملازمہ کو بجلی کا زیادہ بل آنے پر بھی ڈانٹتی ہوئی نظر آئیں۔

(جاری ہے)

اور کوئی تیسرا شخص دروازے کے پیچھے سے ان کی یہ ویڈیو بنارہا ہے۔مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر اداکارہ نادیہ حسین کے ملازمہ کے ساتھ کیے جانے والے اس سلوک کی مذمت کی جارہی ہے۔

سوشل میڈیا پر بھی لوگ ویڈیو پر تبصرے کرتے ہوئے نادیہ حسین کو ملازمہ کے ساتھ اس طرح بات کرنے پر تنقید کا نشانہ بنارہے ہیں۔لیکن کچھ صارفین نادیہ حسین کے حق میں بھی بولتے ہوئے نظر آئے اور کہا کہ ملازمہ کی غلطی ہے جب اسے کہا گیا ہے کہ گھر کی چیزوں پر دھیان دو تو اس کا دھیان گھر کے بجائے موبائل پر ہے۔ غلطی پر ہی ڈانٹ پڑتی ہے۔ ایک اور صارف نے لکھا کام والی ملازمائیں بھی بہت تنگ کرتی ہیں۔

تاہم سوشل میڈیا پر بہت سے لوگ اس ویڈیو کو جعلی قرار دیتے ہوئے کہہ رہے ہیں کہ یہ حقیقت نہیں بلکہ کسی ڈرامے کی شوٹنگ کا منظر لگ رہا ہے۔ دوسری جانب نادیہ حسین کی جانب سے ابھی تک اس وائرل ویڈیو کے حوالے سے کوئی بیان سامنے نہیں آیا ہے کہ یہ ویڈیو اصلی ہے یا ڈرامے کی شوٹنگ کا کوئی منظر۔

متعلقہ عنوان :