فردوس شمیم نقوی کا یوٹرن، اسمبلی رکنیت سے مستعفی ہونے سے انکار کردیا

پارٹی قیادت کی اجازت کے بعد استعفیٰ دوں گا۔ پی ٹی آئی رہنماء کا آج اسپیکرسندھ اسمبلی کو استعفیٰ جمع نہ کرانے کا اعلان

Sajid Ali ساجد علی جمعہ 2 جولائی 2021 15:10

فردوس شمیم نقوی کا یوٹرن، اسمبلی رکنیت سے مستعفی ہونے سے انکار کردیا
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 02 جولائی2021ء) پاکستان تحریک انصاف کے رکن سندھ اسمبلی فردوس شمیم نقوی نے مستعفی ہونے کا فیصلہ مؤخر کردیا۔ میڈہا ذرائع کے مطابق فردوس شمیم نقوی نے آج استعفی اسپیکرسندھ اسمبلی کو جمع نہ کرانےکا اعلان کیا ہے ، انہوں نے کہا ہے کہ پارٹی قیادت کی اجازت کے بعد استعفیٰ دوں گا ، اس لیے آج اپنا استعفیٰ سپیکر کو جمع نہیں کروائیں گے ، کیوں کہ مجھے پارٹی قیادت کی طرف سے تاحال اجازت نہیں ملی ، جب پارٹی قیادت اجازت دے گی تب استعفیٰ دے دوں گا۔

خیال رہے کہ پی ٹی آئی رہنماء فردوس شمیم نے اسمبلی رکنیت سے مستعفی ہونے کا اعلان کیا تھا ، انہوں نے کہا کہ سندھ اسمبلی غیرجمہوری ہوگئی ، ایوان میں کردار ادا نہیں کرنے دیا جارہا ، 5 اراکین کو اسمبلی میں نہیں جانے دیا گیا، احتجاجاً سندھ اسمبلی فلور پر استعفیٰ دے چکا ہوں ، میرے پاس احتجاج کے لیے سڑکیں موجود ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سندھ اسمبلی میں کردارادا نہیں کرنے دیا جارہا، سندھ اسمبلی آج سےغیرجمہوری ہوگئی، ہمارے5 ایم پی ایزکو اسمبلی کے اندر جانے نہیں دیا گیا، بجٹ سیشن میں پی ٹی آئی کے پارلیمانی لیڈر بلال غفار، جی ڈی اے کے پارلیمانی لیڈر حسنین مرزا، متحدہ مجلس عمل کے سید عبدالرشید کو تقریر سے روکا گیا، یہ اصل جرم تھا جس میں جمہوری روایت کا قتل کیا گیا ، اسٹینڈنگ کمیٹی میں حقیقی اپوزیشن کی کوئی رکنیت نہیں ، کل اپوزیشن لیڈر کا مائیک کھولنے کی اجازت نہیں دی، کل اراکین کو معطل کیا گیا ، آج ہمارے 5 اراکین کو اسمبلی میں آنے نہیں دیا گیا ، اس پر میں اپنی سیٹ سے مستعفی ہونے کا اعلان کرتا ہوں ، اس ایوان میں اپنے حلقے کی خدمت نہیں کرسکا ، تاہم اب پاکستان تحریک انصاف کے رکن سندھ اسمبلی فردوس شمیم نقوی نے مستعفی ہونے کا فیصلہ مؤخر کردیا۔