قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس ، وزیراعظم کی عدم شرکت پر وضاحت مانگ لی گئی

وزیراعظم کو قومی سلامتی کے معاملات پر کنٹینر کی سیاست زیب نہیں دیتی، کیا یہ سمجھا جائے کہ قومی سلامتی کمیٹی میں متعلقہ لوگوں کو مدعو کیا گیا اور وزیراعظم خود کو غیر متعلقہ شخص سمجھ رہے ہیں؟۔ پی پی رہنماء نیئر حسین بخاری کا بیان

Sajid Ali ساجد علی جمعہ 2 جولائی 2021 16:51

قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس ، وزیراعظم کی عدم شرکت پر وضاحت مانگ لی گئی
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 02 جولائی2021ء قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں وزیراعظم عمران خان کی عدم شرکت پر وضاحت مانگ لی گئی۔ تفصیلات کے مطابق قومی سلامتی سے متعلق پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس میں عدم شرکت کے معاملے پر پاکستان پیپلزپارٹی نے وزیراعظم سے وضاحت کا مطالبہ کیا ہے ، پی پی رہنماء نیئر حسین بخاری کہتے ہیں کہ وزیراعظم کی قومی سلامتی کمیٹی میں عدم شرکت سے ایک منفی پیغام گیا ، وزیراعظم افغانستان کے معاملے پر کتنے سنجیدہ ہیں اس کا اندازہ ان کی اجلاس سے لاتعلق رہنے سے لگایا جا سکتا ہے ، کیا وزیراعظم نے اجلاس میں شرکت نہ کر کے یہ پیغام دیا کہ خارجہ اور داخلا پالیسی سے ان کا کوئی تعلق نہیں؟ کیا یہ سمجھا جائے کہ قومی سلامتی کمیٹی میں متعلقہ لوگوں کو مدعو کیا گیا اور وزیراعظم خود کو غیر متعلقہ شخص سمجھ رہے ہیں؟ وزیراعظم بتائیں کہ قومی سلامتی کمیٹی اجلاس میں شرکت نہ کرنے کی کیا وجوہات ہیں؟۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کے لئے قومی سلامتی کمیٹی سے زیادہ بھی کوئی اہم مصروفیات تھیں؟، اپوزیشن جماعتوں نے اجلاس میں شرکت کرکے سنجیدگی کا مظاہرہ کیا اور اپنا موقف رکھا ، کیوں کہ پیپلزپارٹی نے ملکی معاملات پر کبھی سیاست نہیں کی بلکہ قومی سلامتی کے معاملات پر ہمیشہ ریاست کا ساتھ دیا ، وزیراعظم خود اپوزیشن کو دیوار سے لگا کر نفرتیں پیدا کرنا چاہتے ہیں ، وزیراعظم کو قومی سلامتی کے معاملات پر کنٹینر کی سیاست زیب نہیں دیتی۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز قومی سلامتی کمیٹی کا آٹھ گھنٹے طویل اجلاس ہوا، اجلاس میں اپوزیشن لیڈر شہبازشریف، چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو، وفاقی وزرا اور چاروں وزرائے اعلیٰ بھی اجلاس میں شریک ہوئے ، چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ، ڈی جی آئی ایس آئی جنرل فیض حمید، ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار سمیت دیگر قومی سلامتی اداروں کے سربراہان بھی خصوصی طور پر شریک ہوئے تھے لیکن اس اہم اجلاس میں وزیراعظم عمران خان شریک نہیں ہوئے، اس حوالے سے وفاقی وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے اپنے بیان میں کہا کہ وزیراعظم عمران خان کا اجلاس میں شریک نہ ہونا طے تھا لیکن وہ اجلاس کی بریفنگ سے آگاہ تھے۔