قطر اقتصادی بحران کا شکار لبنان کی مسلح افواج کو 70 ٹن خوراک مہیا کرے گا

لبنان کی تمام سیاسی جماعتیں جلد ایک نئی حکومت تشکیل دیں تاکہ ملک میں استحکام لایا جاسکے،قطری وزیرخارجہ

جمعرات 8 جولائی 2021 13:05

دوحہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 جولائی2021ء) قطر اقتصادی بحران کا شکار لبنان کی مسلح افواج کو ایک ماہ میں 70 ٹن خوراک مہیا کرے گا۔میڈیارپورٹس کے مطابق قطرکی سرکاری خبررساں ایجنسی کے مطابق وزیرخارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمن آل ثانی نے بیروت کے دورے کے موقع پر لبنانی فوج کو عطیہ کے طور پر خوراک مہیا کرنے کا اعلان کیا ہے۔قطری وزیرخارجہ نے لبنان کی سیاسی جماعتوں پر زور دیا کہ وہ جلد ایک نئی حکومت تشکیل دیں تاکہ ملک میں استحکام لایا جاسکے۔

لبنان اس وقت 1975 سے 1990 تک جاری رہنے والی خانہ جنگی کے زمانے کے بعد ایک مرتبہ پھر بدترین معاشی بحران سے دوچار ہے اور اس نے دوسرے ممالک سے مالی امداد مہیا کرنے کی اپیل کی ۔لبنان کے آرمی چیف جنرل جوزف عون نے گذشہ ماہ فرانس میں عالمی طاقتوں کے اجلاس میں خود یہ اپیل کی تھی کہ فوجیوں کی مالی معاونت کی جائے کیونکہ لبنانی پائونڈ کی قدر گرنے اور افراط زر کی شرح میں ہوشربا اضافہ کی وجہ سے فوجیوں کے لیے اپنی ماہانہ تن خواہ میں گذارہ کرنا مشکل ہوچکا ہے۔

(جاری ہے)

لبنانی سیاست دان گذشتہ کئی ماہ سے جاری بات چیت اور پس پردہ کوششوں کے بعد بھی نئی حکومت تشکیل میں ناکام رہے ہیں اور ان میں مختلف وزارتوں اور عہدوں کی تقسیم پر اختلافات ختم نہیں ہوسکے ہیں۔لبنان ایک نئی حکومت کے بغیر بین الاقوامی امداد حاصل نہیں کرسکتا کیونکہ کوئی بھی بین الاقوامی ادارہ یا ملک موجود نگران حکومت سے کسی امدادی پیکج پر بات چیت کو تیار نہیں۔لبنان کی کابینہ نے گذشتہ سال اگست میں بیروت کی بندرگاہ پر تباہ کن دھماکے کے بعد استعفا دے دیا تھا۔اس وقت وہ نگران کے طور پر کام کررہی ہے لیکن اس دوران میں لبنان بدترین معاشی بحران سے دوچار ہوچکا ہے اور 2019 میں اس بحران کے آغاز کے بعد سے لبنانی پانڈ ڈالر کے مقابلے میں اپنی 90 فی صد قدر کھو چکا ہے۔