سپریم کورٹ نے نیڈھڈوچہ ڈیم کی تعمیر اور زمین کی مکمل تفصیلات طلب کر لیں

جمعہ 9 جولائی 2021 22:27

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 09 جولائی2021ء) سپریم کورٹ نے نیڈھڈوچہ ڈیم کی زمین پر پلاٹ بنا کر خریدو فروخت کرنے کے خلاف توہین عدالت کیس کی سماعت کے موقع پرایڈوکیٹ جنرل پنجاب سے ڈھڈوچہ ڈیم کی تعمیر اور زمین کی مکمل تفصیلات طلب کرتے ہوئیپنجاب حکومت، بحریہ ٹاون اور ڈی ایچ اے کو نوٹس جاری کردئیے ہیں۔توہین عدالت کیس کی سماعت چیف جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے کی۔

دوران سماعت درخواست گزار کرنل ریٹائرڈ محمد طارق کمال نے عدالت کو بتایا کہ ڈیم کی تعمیر جاری ہے لیکن بحریہ ٹاؤن اور ڈی ایچ اے متعلقہ زمینیں فروخت کر رہے ہیں۔اس موقع پرچیف جسٹس نے سوال کیا کہ ڈیم بن رہا ہے تو پھر عدالت مزید کیا کر سکتی ہی جس پر درخواست گزار نے بتایا کہ ڈیم بھی بن رہا ہے اور پلاٹ بھی فروخت کئے جا رہے ہیں،سوسائٹیز ڈیم کے پانی جمع ہونے والی جگہ پر پلاٹ بنا کر لوگوں کے پیسے انوال کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

جس پر چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے کہ اتنا سب کچھ ہورہا ہے تو چیف سیکرٹری صاحب کیا کر رہے ہیں، درخواست گزار نے بتایا کہ انہوں نے متعدد بار لیٹرز بھیجے لیکن چیف سیکرٹری نے کوئی اقدامات نہیں کئے۔چیف جسٹس نے اس پر کہا کہ عدالت کیا کرے گی جو ڈیم بنا رہے ہیں وہی ان معاملات کو دیکھیں گے۔عدالت عظمیٰ نے بعد ازاں ایڈوکیٹ جنرل پنجاب سے ڈھڈوچہ ڈیم کی تعمیر اور زمین کی مکمل تفصیلات طلب کرتے ہوئیپنجاب حکومت، بحریہ ٹاون اور ڈی ایچ اے کو نوٹس جاری کرتے ہوئیمعاملہ کی سماعت غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کر دی ہے۔۔۔۔توصیف