طالبان نے افغان پائلٹس کی ٹارگٹ کلنگ کی تصدیق کردی

افغان پائلٹوں کو قتل کرنے کی پالیسی اس لیے اپنائی گئی ہے کیونکہ وہ سب اپنے ہی لوگوں پر بمباری کرتے ہیں،بیان

ہفتہ 10 جولائی 2021 13:25

کابل (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 جولائی2021ء) طالبان نے افغان پائلٹس کی ٹارگٹ کلنگ کی تصدیق کردی ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق پچھلے کچھ عرصے میں نشانہ بنا کر قتل کیے گئے افغان پائلٹس کی تعداد سات ہوگئی ہے۔امریکی حکام کا کہنا تھا کہ طالبان اس لیے پائلٹس کو نشانہ بنا رہے ہیں کیوں کہ ان کے پاس فضائی طاقت نہیں ہے ۔

(جاری ہے)

طالبان ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے افغان پائلٹوں کی ٹارگٹ کلنگ کی تصدیق کی اور کہا کہ افغان پائلٹوں کو قتل کرنے کی پالیسی اس لیے اپنائی گئی ہے کیونکہ وہ سب اپنے ہی لوگوں پر بمباری کرتے ہیں۔

افغان حکومت نے قتل ہونے والے پائلٹوں کی تعداد افشا نہیں کی ۔سینیئر افغان اہلکار کا کہنا تھا کہ طالبان کی ہٹ لسٹ میں سب سے اوپر افغان پائلٹس ہیں کیونکہ امریکا اور نیٹو کے تربیت یافتہ افغان جنگی پائلٹ ملک کا سب سے قیمتی اثاثہ ہیں۔امریکی و افغان حکام کے مطابق فضائی مشن کے مقابلے میں ان پائلٹوں کی زندگی ایئر بیس کے باہر زیادہ خطرے میں ہوتی ہے، اس ضمن میں افغان پائلٹس اور ان کے اہل خانہ کی حفاظت کے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔