کراچی میں اسٹریٹ کرائم کی ڈھائی ہزار وارداتیں کرنے والا ملزم اپنے انجام کو پہنچ گیا

کورنگی ڈھائی نمبر میں رینجرز اور پولیس نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے‏ڈکیت سیدحسن کو گرفتار کر لیا، دوران تفتیش ملزم کا ڈھائی ہزار وارداتیں کرنے کا اعتراف ، رینجرز حکام

Danish Ahmad Ansari دانش احمد انصاری اتوار 11 جولائی 2021 18:48

کراچی میں اسٹریٹ کرائم کی ڈھائی ہزار وارداتیں کرنے والا ملزم اپنے انجام ..
کراچی (اُردو پوائنٹ، اخبار تازہ ترین، 11جولائی 2021) کراچی میں اسٹریٹ کرائم کی ڈھائی ہزار وارداتیں کرنے والا ملزم اپنے انجام کو پہنچ گیا، رینجرز نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر لیا ۔ تفصیلات کے مطابق کراچی میں رینجرز نے اسٹریٹ کرائم کی ڈھائی ہزار وارداتوں میں ملوث ملزم کو پکڑ لیا۔رینجرز حکام کے مطابق کورنگی ڈھائی نمبر میں رینجرز اور پولیس نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے ‏ڈکیت سیدحسن کو گرفتار کیا ہے جس نے دوران تفتیش ڈھائی ہزار وارداتیں کرنے کا اعتراف کیا ‏ہے۔

رینجرزحکام کا کہنا ہے کہ ملزم نے وارداتوں کے دوران شہریوں کوفائرنگ کر کے زخمی کرنے کا ‏بھی اعتراف کیا ہے، ملزم نے 2018 میں چھینے گئے زیورات کی تقسیم پر اپنے ہی ساتھی کو قتل ‏بھی کیا۔

(جاری ہے)

رینجرزحکام کے مطابق گرفتار ملزم 2012 سے سے ڈکیتی اور چوری کی وارداتیں کر رہا تھا جب کہ ‏ملزم کئی بار جیل بھی جا چکا ہے لیکن باہرنکلتےہی وارداتیں شروع کردیتا۔

حکام نے بتایا کہ ملزم گرفتاری سے بچنے کے لیےہر بار نیا ڈکیت گروہ بناتا اور گھر تبدیل کر لیا ‏کرتا تھا۔واضح رہے کہ سی پی ایل سی کی رپورٹ کے مطابق کراچی میں رواں سال 6760 افراد کو موبائل فون سے محروم کردیا گیا اور سال 2020 میں یہ تعداد 5187 رہی جب کہ رواں سال میں اب تک 14202 موٹرسائیکلیں چھینی یا چوری کی گئیں اور گزشتہ سال جنوری سے اپریل تک 9160 موٹرسائیکلیں چھینی یا چوری ہوئی تھیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہےکہ رواں سال کے ابتدائی 4 ماہ میں 431 شہریوں کو گاڑیوں سے محروم کردیا گیا اور گزشتہ سال ابتدائی چار ماہ میں 408 گاڑیاں چھینی اور چوری کی گئیں، سال 2021 میں ایک بینک ڈکیتی بھی رپورٹ ہوئی جب کہ سال 2020 کے 4 ماہ میں کوئی بینک ڈکیتی رپورٹ نہیں کی گئی تھی۔پولیس ذرائع کا کہنا ہےکہ رمضان المبارک میں اب تک اسٹریٹ کرائم کی درجنوں وارداتیں رپورٹ ہوچکی ہیں۔