میٹروپولیٹن کارپوریشن راولپنڈی نے 25لاکھ لاگت سے مریڑھ چوک کی ری ماڈلنگ مکمل کر لی، سگنل فری کر دیا گیا

پیر 12 جولائی 2021 23:34

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 جولائی2021ء) میٹروپولیٹن کارپوریشن راولپنڈی نے 25لاکھ روپے کی لاگت سے مریڑھ چوک کی ری ماڈلنگ مکمل کر لی ہے ری ماڈلنگ کی تکمیل کے بعد مریڑھ چوک کو بھی سگنل فری کر دیا گیا ہے کارپوریشن کے چیف افسر علی عباس بخاری کے مطابق راولپنڈی میں ٹریفک کے مسائل کے حل کے لئے مریڑھ چوک کو سگنل فری بنانے کے لئے ہنگامی بنیادوں پر ری ماڈلنگ کی گئی ہے جس کے لئے سٹی ٹریفک پولیس کی جانب سے تجویز دی گئی تھی تاہم نقشہ اور ٹریفک انجینئرنگ سے تمام امور کارپوریشن نے ادا کئے جبکہ کارپوریشن کے فنڈز سے 25لاکھ روپے کی رقم خرچ کرنے کے ساتھ افرادی قوت بھی کارپوریشن نے فراہم کی ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ شہریوں کو درپیش مشکلات و مسائل کے حل کے لئے تمام متعلقہ ادارے کارپوریشن کے ساتھ رابطے میں ہوتے ہیں مریڑھ چوک کی ری ماڈلنگ اور اسے سگنل فری بنانے کے حوالے سے سٹی ٹریفک پولیس کی تجاویز بھی شامل تھیں ان تجاویز کے قابل عمل ہونے کے ناطے اس منصوبے پر فوری عملدرآمد کیا گیا انہوں نے کہا کہ مریڑھ چوک میں لگائے گئے کنکریٹ بلاکوں پرکارپوریشن کی تشہیری چاکنگ کی جائے گی انہوں نے کہا کہ مریڑھ چوک کے بعد اب بھابڑا بازار کے مقام پر مری روڈ کو کشادہ کیا جائے گا ادھرکارپوریشن ذرائع کایہ بھی کہنا ہے کہ مریڑھ چوک کو سگنل فری کرنے کے لئے یہاں سے ریلوے پھاٹک اور ریلوے ٹریک کو ہٹانے سے سمیت یہاں انڈر پاس بنانے سمیت مختلف تجاویز طویل عرصہ سے زیر غور تھیں تاہم بوجوہ یہاں پر انڈر پاس یا فلائی اوور کی تعمیر ممکن نہ تھی جس میں ایک رکاوٹ اب میٹرو بس سروس کے ستون اور ٹریک تھا جس پر ری ماڈلنگ کا منصوبہ ہی قابل عمل تھا تاکہ شہریوں کو ٹریفک کے حوالے سے ہر ممکن ریلیف دیا جا سکے دریں اثنا سٹی ٹریفک پولیس کے ترجمان نے رابطہ کرنے پر بتایا کہ اگرچہ ری ماڈلنگ کے منصوبے پر تمام فنڈنگ ، تکنیکی معاونت اور افرادی قوت کارپوریشن کی تھی تاہم موجودہ ری ماڈلنگ کا آئیڈیا سٹی ٹریفک پولیس کا تھا اور چیف ٹریفک افسر راولپنڈی کی کاوشوں سے راولپنڈی کے شہریوں کے لئے مری روڈ کو سگنل فری کر دیا گیالیاقت باغ کے بعدمریڑھ چوک پر تعمیراتی کام مکمل ہونے کے بعد صدر سے فیض آباد تک شہری بلا رکاوٹ سفر کر سکیں گی