اب مزید نقصان برداشت کرنے کی سکت نہیں ‘آل کراچی ریسٹورنٹ ایسوسی ایشن

ویکسین نہ لگوانے والوں کے قومی شناختی کارڈ بلاک کردیے جائیں‘اسد حنیف ‘فیضان راوت

جمعرات 15 جولائی 2021 23:24

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 جولائی2021ء) آل کراچی ریسٹورنٹ ایسوسی ایشن(ایکرا )کے چیئرمین اسد حنیف اورجنرل سیکریٹری فیضان راوت نے کہا ہے کہ دنیا بھر میں ویکسی نیشن پر توجہ دی جارہی لیکن ہمارے یہاںابھی تک کاروبار بند کرایا جارہا ہے، ویکسین نہ لگوانے والوں کے قومی شناختی کارڈ بلاک کردیے جائیں، ریسٹورنٹ میں سب سے بہتر انداز میں ایس او پیز پر عمل در آمد کیا جاتا رہا ہے،ریسٹورنٹ مالکان پہلے ہی 16 ماہ تک ڈائن ان پابندی کی وجہ سے پریشان تھے اور اب مزید نقصان برداشت کرنے کی سکت نہیں ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز معروف بزنس مین عقیل کریم ڈھیڈی سے ملاقات کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔اسد حنیف اورفیضان راوت نے کہا کہ سندھ حکومت کی جانب سے کورونا وائرس کے حوالے سے اسکولز، ریسٹورنٹ میں ڈائن ان اور دیگر تفریحی مقامات پر دوبارہ پابندی لگانے کے اعلان سے تاجربرادری میں شدید ناراضگی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ حکومت کی جانب سے یکم جولائی سے ریسٹورنٹ کو ڈائن ان کی اجازت دی گئی جس کے بعد ریسٹورنٹ مالکان نے مرمت اور تزئین و آرائش میں کروڑوں روپے کا خرچہ کردیا جس کے باعث 5 ، 6 جولائی سے ریسٹورنٹ میں ڈائن ان شروع ہوئی لیکن ڈائن ان کے لیے لوگوں کی آمد نہ ہونے کے برابر تھی اور اس فیصلے کے 10 روز بعد وزارت داخلہ سندھ نے ریسٹورنٹ کی ڈائن ان پر دوبارہ پابندی لگادی ہے جس سے ریسٹورنٹ مالکان کو کروڑوں روپے کا نقصان برداشت کرنا پڑے گا جو انہوں نے ڈائن ان کے لیے کیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ ان ڈورمارٹ،نادرا دفاتر،انٹر سٹی ٹرانسپورٹ، ہوائی اڈوں، مویشی منڈیوں،سبزی منڈیوں ،شاپنگ مال اور دیگر مقامات کے مقابلے میں زیادہ رش ہوتا ہے جب کہ ریسٹورنٹ میں سب سے بہتر انداز میں ایس او پیز پر عمل در آمد کیا جاتا رہاہے۔انہوں نے کہاکہ ریسٹورنٹ مالکان پہلے ہی 16 ماہ تک ڈائن ان پابندی کی وجہ سے پریشان ہیں اور اب مزید نقصان برداشت کرنے کی سکت نہیں ہے۔اسد حنیف اور فیضان راوت نے کہا کہ حکومت کاروبار بند کرنے کے بجائے ویکسی نیشن پر توجہ دے جو دنیا بھر میں ہورہا ہے لیکن کاروباری سرگرمیاں جارے رکھے اور اگر کوئی شخص ویکسی نیشن نہ کرائے تو اس کا قومی شاختی کارڈ بلاک کردیا جائے۔