اسرائیلی ریاست مسجد اقصیٰ کے خلاف جرائم کی مرتکب ہو رہی ہے،ترکی

اسرائیلی فوج کا مسجد اقصیٰ پر دھاوے بولنا، یہودی آبادکاروں کو سیکیورٹی فراہم کرنا، مسجد اقصیٰ میں عبادت کیلئے آئے فلسطینی شہریوں کو گرفتار کرنا انسانیت کیخلاف جرائم کے زمرے میں آتے ہیں، بیان

پیر 19 جولائی 2021 16:00

انقرہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 جولائی2021ء) ترکی نے مسجد اقصیٰ پر یہودی آباد کاروں کے اشتعال انگیز دھاووں اور فلسطینی نمازیوں پر قابض فوج کی طرف سے تشدد کے استعمال کی شدید مذمت کی ہے۔

(جاری ہے)

ترک وزارت خارجہ کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی فوج کا مسجد اقصیٰ پر دھاوے بولنا، یہودی آبادکاروں کو سیکیورٹی فراہم کرنا، مسجد اقصیٰ میں عبادت کیلئے آئے فلسطینی شہریوں بالخصوص خواتین کو گرفتار کرنا انسانیت کے خلاف جرائم کے زمرے میں آتے ہیں۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیل مسجد اقصیٰ کا تقدس پامال کرکے اور فلسطینی شہریوں پر تشدد کے مکروہ حربے استعمال کرکے انسانیت کی توہین کا مرتکب ہو رہا ہے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ یہودی آباد کاروں کی طرف سے مسجد اقصی کی بے حرمتی کی مذمت کی گئی ہے اور کہا گیا ہے کہ اسرائیلی فوج اور پولیس نے یہودی انتہا پسندوں کو مسجد اقصیٰ کی حرمت پامال کرنے کی اجازت دے کر صہیونی نسل پرستی کا مظاہرہ کیا ہے۔