وسیم خان نے بطور سی ای او اننگز جاری رکھنے کی تیاری کرلی

3 سالہ توسیع کیلئے تیار چیئرمین پی سی بی احسان مانی بھی ٹیم برقراررکھنے کے خواہاں

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 20 جولائی 2021 15:47

وسیم خان نے بطور سی ای او اننگز جاری رکھنے کی تیاری کرلی
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 20 جولائی 2021ء ) چیف ایگزیکٹو (سی ای او) وسیم خان اور چیئرمین احسان مانی کے ساتھ معاہدہ میں توسیع کے ساتھ ساتھ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) موجودہ انتظامیہ کے ساتھ کام جاری رکھے گا۔ ذرائع کے مطابق وسیم خان پی سی بی کے ساتھ کام کرنا جاری رکھنا چاہتے ہیں تاکہ یہ یقینی بنایا جاسکے کہ انھوں نے پچھلے کچھ سالوں میں جو فیصلے کیے ہیں ان میں تسلسل برقرار ہے۔

وسیم خان کے دور میں پی سی بی نے اس بات کو یقینی بنایا کہ بین الاقوامی ٹیمیں پاکستان کا دورہ جاری رکھیں ، یہ عمل سابقہ ​​حکومت نے شروع کیا تھا ۔ البتہ نئے ڈومیسٹک سسٹم سمیت پی ایس ایل مسلسل 2 برس درمیان میں رکنے سے ان کی ساکھ کو بڑا نقصان پہنچا۔ پی سی بی اور وسیم خان کے مابین معاہدہ ہونے کے بعد انہوں نے فروری 2019ء میں ذمہ داری سنبھالی تھی ، معاہدے میں یہ شرط عائد کی گئی تھی کہ دونوں پارٹیاں ایک سال پہلے فیصلہ کرے گی کہ اس مدت میں توسیع کی جائے یا نہیں، اس بحث کا آغاز اس سال کے شروع میں فروری کے دوران کراچی میں گورننگ بورڈ کے اجلاس میں ہونا تھا لیکن احسان مانی کی مدت ملازمت میں توسیع کے بارے میں غیر یقینی صورتحال کی وجہ سے فیصلہ موخر ہوا۔

(جاری ہے)

دریں اثناء احسان مانی جنھیں 3 سالہ توسیع کیلئے وزیراعظم ہاؤس سے گرین سگنل ملا، بھی اسی ٹیم کے ساتھ کام جاری رکھنا چاہتے ہیں، ان کا موجودہ دور اقتدار رواں سال ستمبر میں ختم ہوگا۔ اس سے قبل وسیم خان کے قریبی ذرائع نے بتایا تھا کہ وہ احسان مانی کی زیادہ مداخلت کی وجہ سے ان کے ساتھ کام کرنے کا خواہشمند نہیں تھا تاہم پی سی بی ذرائع نے ان افواہوں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ سی ای او کو اتنی زبردست ملازمت اور تنخواہ کہیں نہیں مل سکتی، وہ مزید چند برس پی سی بی میں رہنے کا ذہن بنا چکے ہیں، اگلے سال بھی کئی بڑی ٹیموں کو پاکستان آنا ہے، فیصلوں میں تسلسل کے لیے وسیم ذمہ داری نبھاتے رہنا چاہتے ہیں۔

امکان ہے کہ وسیم کی توسیع پر آئندہ گورننگ بورڈ کے اجلاس میں تبادلہ خیال کیا جائے۔