” میری خوش قسمتی اور بڑی سعادت ہے کہ اللہ نے مجھے اپنے عظیم گھر کا خادم مقرر کیا ہے “

مسلسل 22 سال سے مسجد الحرام کے باب کی دربانی کرنے والے خوش نصیب کا ایمان افروز انٹرویو سب کو بھا گیا

جمعہ 23 جولائی 2021 09:12

” میری خوش قسمتی اور بڑی سعادت ہے کہ اللہ نے مجھے اپنے عظیم گھر کا خادم ..
مکہ مکرمہ(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔23 جولائی 2021ء ) مسجد الحرام میں بیت اللہ واقع ہے، اسی وجہ سے اسے دُنیا کا مقدس ترین مقام خیال کیا جاتا ہے۔ بہت خوش نصیب ہیں وہ لوگ جنہیں اس پاکیزہ مقام اور یہاں پر آنے والوں کی خدمت گزاری کا موقع ملتا ہے۔ یقینا یہ عظیم سعادت ہر کسی کے نصیب میں نہیں آ سکتی ہے۔ ایک ایسا ہی خوش قسمت انسان سعودی شہری حسن حنبوک ہے۔

جو مسلسل 22 سال سے مسجد الحرام کے مختلف ابواب پر دربانی کی خدمات انجام دے رہا ہے۔ حسن کے ایمان افروز انٹرویو نے سب کو اس سے متعارف بھی کرایا اور اس کی قسمت پر عش عش بھی کر اُٹھے ہیں۔ العربیہ نیوز چینل سے خصوصی گفتگو میں مسجدالحرام کے باب شاہ فہد پر ڈیوٹی دینے والے حسن نے بتایا ”میں مسلسل 22 سال سے مسجد حرام کے ابواب پر دربانی کر رہا ہوں۔

(جاری ہے)

یہ میری سعادت مندی اور خوش قسمتی ہے اللہ نے مجھے اپنے عظیم گھر کا خادم مقرر کیا ہے۔ دنیا بھر سے آنے والے حجاج کرام کی خدمت فخر اور اعزاز کی باتی ہے۔ جب حجاج کرام کو کسی بارے میں معلومات لینا ہوتی ہیں تو وہ مسجد حرام کے دروازوں پر موجود پہرے داروں کے پاس آتے ہیں۔ ہماری کوشش ہوتی ہے کہ ہر زائر، حاجی اور معتمر کو مکمل معلومات فراہم کریں اور بیت کی زیارت کے لیے آنے والوں کی خدمت کریں۔

“ایک سوال کے جواب میں حنبوک کا کہنا تھا ” ہمارا کام مسجد حرام میں داخل ہونے والے افراد کی جسمانی اور سامان کی چھان بین کرنا ہوتی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ ہم زائرین کے استفسارات کا جواب دیتے اور انہیں ضروری معلومات فراہم کرتے ہیں۔ کھانے پینے کی اشیا اندر لے جانے سے روکتے اور تیز دھار آلے لے جانے سے منع کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کام کا بوجھ اور رش بہت زیادہ ہی کیوں نہ ہو ہم پورے چوکس طریقے سے کام کرتے ہیں۔

اس وقت پوری دنیا کرونا جیسی مہلک وبا سے گذر رہی ہے۔ اس لیے ہرایک کو احتیاطی تدابیر پر عمل درآمد کرنا ہوتا ہے۔ ہم بھی مسجد حرام کے دروازوں پر آمد ورفت کے دوران احتیاطی تدابیر اپنانے کی تلقین کرتے ہیں۔“حسن حنبوک نے حجاج کرام کو بہترین سہولیات کی فراہمی پر حرمین شریفین کی صدارت عامہ اور مملکت کی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔